دبئی پُل پر بجلی بند ہونے کا سبب بننے والے گروہ کا پاکستانی رکن گرفتار

پاکستانی ملزم نے ساتھیوں سے مل کر بجلی کی تاریں چوری کرنے کا اعتراف کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 مئی 2018 13:10

دبئی پُل پر بجلی بند ہونے کا سبب بننے والے گروہ کا پاکستانی رکن گرفتار
دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مئی 2018ء) : دبئی میں بجلی کی تاریں چوری کرنے والا ایک گروہ متحرک ہو گیا جس کی وجہ سے دبئی کا پُل اندھیرے میں ڈوب گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چوروں کے ایک گروہ نے دبئی میں 96 ہزار درہم مالیت کی بجلی کی تاریں چوری کر لیں، یہ گروہ کچھ عرصے سے ہی بجلی کی تاروں کو نقصان پہنچانے اور انہیں چوری کرنے میں ملوث رہا ہے۔

دبئی میں وزٹ ویزا پر آئے ایک 27 سالہ پاکستانی نے  گزشتہ برس 21 ستمبر کو اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ مل کر یہ چوری کی۔ مدعی سے پوچھ گچھ کرنے والے پولیس انسپکٹر کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بجلی کی تاریں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم کو ستمبر میں گرفتار کیا اور دوران تفتیش ہی اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بجلی کی تاریں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔

(جاری ہے)

مزید ملزم پولیس افسران کو اس پُل تک بھی لے کر گیا جہاں اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بجلی کی تاریں کاٹی تھیں۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ سڑکوں پر لگے لیمپ پوسٹس کو بجلی فراہم کرنے والی تاریخ کاٹنے اور ان کو چوری کرنے کے بعد ہم موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ پراسیکیوٹر نے ملزم پر چوری اور تیز دھار آلات سے حکومتی جائیداد کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا تھا۔

عدالت نے اس کیس کا فیصلہ 31 مئی تک محفوظ کر لیا ہے۔ بجلی کی تاریں چوری کرنے اور انہیں نقصان پہنچانے کے جُرم میں گرفتار ملزم کو 31 مئی کو سزا سنائی جائے گی۔ یاد رہے کہ بجلی کی تاریں چوری ہونے کی وجہ سے دبئی پُل پر گھُپ اندھیرا ہو گیا جس سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا،دبئی پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ، البتہ ملزم کے باقی ساتھی تاحال مفرور ہیں۔