مقبوضہ کشمیر ،ْ بھارتی وزیر اعظم کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال ،ْلالچوک کی طرف مارچ کو روکنے کیلئے سرینگر میں پابندیاںنافذ کر دی گئیں

لالچوک کی طرف جانے والے تمام راستے سیل ،ْ انٹر نیٹ سروسز معطل ،ْ علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا

ہفتہ 19 مئی 2018 13:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف لوگوں کو سرینگر کے تاریخی لالچوک کی طرف احتجاجی مارچ سے روکنے کیلئے شہر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر دیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مارچ کی کال سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے ۔

بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے سرینگر کے لالچوک میں ہی ایک عوامی اجتماع سے اپنی تقریر کے دوران کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا۔حریت رہنمائوںاورتنظیموں نے لوگوںسے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر اپنے گھروں کی چھتوں اور دیگر مقامات پر سیاہ جھنڈے بھی لہرائیں۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی انتظامیہ نے مارچ کو روکنے کیلئے لالچوک کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دئیے ہیں اورسرینگر اور دیگر تمام بڑے قصبوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دئیے ہیں ۔

انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، محمد اشرف صحرائی، غلام احمد گلزار محمد یوسف نقاش ، محمد اشرف لایہ ،بلال صدیقی، مختار احمد وازہ، ظفر اکبر بٹ، جاوید احمد میر اور دیگر حریت رہنمائوں کو مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں اور تھانوںمیں نظر بندکر رکھا ہے۔ انتظامیہ نے پوری مقبوضہ وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں جبکہ طلباء کو احتجاجی مظاہروں اور لالچوک کی طرف مارچ سے روکنے کے لیے تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کااعلان کیا ہے۔

حریت قیادت نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے مجوزہ دورے کا مقصد عالمی برادری کو یہ جھوٹا تاثر دینا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ خوش ہیں حالانکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو جہنم زار بنارکھا ہے۔دریں اثنامشترکہ حریت قیادت کی کال پر ہی نریندر مودی کے دورے کے خلاف پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال رہی ،ْ تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک معطل رہا