مقبوضہ کشمیر ،ْ بھارتی پولیس نے میر واعظ اور دیگر کولالچوک کی طرف مارچ سے روکنے کیلئے گرفتار کر لیا

ہفتہ 19 مئی 2018 13:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر میںلالچوک کی طرف مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کو اسوقت گرفتار کیا گیا جب وہ گھر میں اپنی نظر بندی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مارچ کے لیے گھر سے باہر آئے۔

گھر کے باہر موجود بھارتی پولیس اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر کے شہرکے نگین تھانے میں منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف آج سرینگر کے تاریخی لالچوک کی طرف مارچ کی کال دے رکھی ہے۔ تاہم قابض انتظامیہ نے مارچ کو ناکام بنانے کے لیے شہر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر دی ہیں جبکہ لالچوک کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔

بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں شیخ عبدالرشید، بشیر احمد کشمیر اور دیگر کو متعدد کارکنوں کے ہمراہ اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ پابندیوں کے باوجود بڈشاہ چوک پہنچے اور لالچوک کی طرف مارچ کی کوشش کی۔