ما ہ صیام کے دوران مرغی کاگوشت فروخت کرنے والے بعض دکانداروں کے کنڈوں میں ہیراپھیری کاسخت نوٹس

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) ماہ صیام کے دوران رمضان بازاروں اورعام مارکیٹ میں مرغی کاگوشت فروخت کرنے والے بعض دکانداروںکے کنڈوں میں ہیراپھیری کاسخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی فیصل آباد نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور محکمہ لیبر کے افسران کو ہنگامی طور پر چکن فروشوں کے کنڈے اور ناپ تول کے اوزان چیک کرنے کاٹاسک سونپ دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مذکورہ افسران اپنی دیگر مصروفیات ترک کرکے رمضان بازاروں سمیت اوپن مارکیٹ میں چکن فروشوں کے کنڈوں کی فوری چیکنگ یقینی بنائیں اور کم گوشت تولنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے نہ صرف انہیں بھاری جرمانے کئے جائیں بلکہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروانے سمیت ان کی دوکانات کو سربمہر کرنے سے بھی گریز نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ ڈی سی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کے ایسے واضح نتائج نظر آنے چاہئیں کہ کسی کو من مانی قیمتیں وصول کرنے کی جرات نہ ہو ۔ انہوںنے کہا کہ رمضان بازاروں میں رعایتی قیمتوں پر اشیاء کی فروخت کے ساتھ ساتھ عام بازاروں میں بھی صارفین کو سرکاری مقررہ نرخوں پر ہی اشیاء ملنی چاہئیں لہٰذااس سلسلہ میں گرانفروشوں کی گرفتاری سے بھی گریز نہ کیا جائے ۔

انہوں نے سبزیوں ‘ پھلوں ‘ دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سپلائی اور تھوک و پرچون قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی قسم کی ممکنہ قلت کی صورت میں پیشگی اقدامات کو بھی یقینی بنایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :