رمضان بازاروں میں سستی چینی اور سستے آٹے کی فروخت کا روزانہ ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

رمضان بازاروں میں سستی چینی اور سستے آٹے کی فروخت کا روزانہ ریکارڈ ..
فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ رمضان بازاروں کو عوامی توقعات کے مطابق بنایا جائے اور ان بازاروں میں فروخت کیلئے معیاری اشیاء ہی نظر آنی چاہئیں ۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران رمضان بازاروں کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازاروں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ سبزیوں اور پھلوں کی تازگی کوبار بار چیک اور دیگر انتظامات کا بھی تسلسل کے ساتھ معائنہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو بازار سے رعایتی اشیاء فراہم کرنے کے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے متعلقہ بازار کے ڈیوٹی افسران اپنی ذمہ داریاں کما حقہ پوری کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ رمضان بازاروں میں موجودگی یقینی بنائیں اور ان بازاروں کی معمولی سی خامیوں کو بھی فوری دور کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے رمضان بازاروں میں سستی چینی اور سستے آٹے کی فروخت کا روزانہ ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خریداروں کے رش کی صورت میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات ہونے چاہیں ۔

انہوں نے بازاروں میں صفائی ستھرائی ‘ پارکنگ کے انتظامات ‘ سی سی ٹی وی کیمروں و دیگر ضروری انتظامات کو مکمل رکھنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ ان بازاروں کی ڈیوٹی کو مخص خانہ پری نہ سمجھا جائے بلکہ ذمہ دارانہ انداز میں فرائض انجام دیتے ہوئے صارفین کی خدمت کریں۔ اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل خالد پرویز ورک کے علاوہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان الله سومرو ‘ چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن ‘ ضلع کونسل زبیر حسین نت ‘ نعیم الله وڑائچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :