فیسکو کی آٹھوں اضلاع میں میٹرز کی چیکنگ اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی جاری

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا، چنیوٹ،خوشاب،ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اور بھکرمیں میٹرز کی چیکنگ اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی بھرپور طریقے سے جاری ہے جبکہ گزشتہ ماہ کے دوران مختلف شہروں میں642 بجلی چور پکڑے گئے جن سے کروڑوں روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔

فیسکو کے ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ ہفتہ کے دوران فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں مختلف چھاپہ مار ٹیموں کی کارروائیوں میں 7 ہزار کے قریب صارفین کے کنکشن چیک کئے گئے۔انہوںنے بتایاکہ آٹھوں اضلاع فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا، چنیوٹ،خوشاب،ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اور بھکرمیں دوران چیکنگ مختلف صارفین میٹر سلو کرکے ،ڈائریکٹ کنڈا لگا کر اور میٹر میں گڑبڑ کرکے بجلی چوری کے مرتکب ہورہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ڈائریکٹ بجلی چوری کرنے والے صارفین کے خلاف مقدمات کے اندراج کیلئے پولیس کو درخواستیں دے دی گئی ہیںجن میں سے کئی کے خلاف ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں نیز ان بجلی چوروں کو ڈی ٹیکشن بل بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ کی ہدایات کے مطابق صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم میں فیسکو کا ساتھ دیں اور اپنے اردگرد ہونے والی بجلی چوری کی واردات کی اطلاع فیسکو کی ہیلپ لائن 118یاٹال فری نمبر0800-66554پردیں جس پرفوری کارروائی کی جائیگی ۔انہوںنے کہاکہ بجلی چوری ایک قومی جرم ہے جس کی بیخ کنی تک یہ مہم جاری رہے گی ۔