موسم گرماکے دوران آلودہ پانی سے برف بنانے والے کارخانوں کو فوری طور پرسر بمہر کرنے کااعلان کردیاگیا

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

موسم گرماکے دوران آلودہ پانی سے برف بنانے والے کارخانوں کو فوری طور ..
فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) برف بنانے کیلئے مضر صحت و آلودہ پانی استعمال کرنے والے برف کے کارخانوںکو فوری طور پر سر بمہر کرنے کااعلان کردیاگیاہے اور فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے ڈ ی سیز ، سی ای اوز ہیلتھ ، چیئر مین میونسپل کمیٹیز ، بلدیاتی اداروں کے چیف افسران اور دیگر متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں موجود برف کے کارخانوں میں استعمال ہونے والے پانی کا معیار چیک کریں اور انکے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوائیں نیز اگر یہ نمونے آلودہ و مضر صحت پائے جائیں تو نہ صرف متعلقہ آئس فیکٹریز کو سربمہر کر دیاجائے متعلقہ کارخانہ مالکان کے خلاف بھی حسب ضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ رواں موسم گرما میں شہریوں کو گیسٹرو،خسرہ، ہیپا ٹائٹس اور دیگر وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت صحت قائم رکھنے کیلئے احتیاطی وحفاظتی تدابیر سے آگاہی اور ان پر عملدرآمد کیلئے عوام الناس کوخصوصی ترغیب دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں،ڈسپنسریوں اور مراکز صحت کے حکام پر واضح کیاگیا ہے کہ وبائی امراض میں مبتلا افراد کے علاج معالجے کیلئے تمام تر طبی انتظامات مکمل ہونے چاہئیں اور خدانخواستہ کسی مرض کے پھوٹنے کی صورت میں متاثرہ علاقے میں بیماری کی وجوہات کا جائزہ لے کر اس کی بنیاد کو پکڑنے اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے موقع پر میڈیکل کیمپ لگانے میںکوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔