مقبوضہ کشمیر ، سید علی گیلانی ، اشرف صحرائی کی نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روکنے کی مذمت

ہفتہ 19 مئی 2018 14:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں بھی بزرگ رہنما کو جمعہ کی نماز سے محروم کر رکھا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے علاوہ غلام احمد گلزار، محمد یوسف نقاش اور محمد اشرف لایہ کو بھی تھانوں اور گھروں میں نظربندکرکے نماز جمعہ کی ادائیگی سے محروم کردیا گیا۔

بیان میں کٹھ پتلی انتظامیہ کے اس اقدام کو دینی معاملات میں صریحاً مداخلت قراد دیتے ہوئے اسکی سخت مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا تحریک حریت جموں کشمیر کے ترجما ن نے بھی ایک بیان میں تنظیم کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایہ کی گھروں میں نظربند ی اور انہیں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام گیری قرار دیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے دوران پورے وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے دورے پر جس طرح سے وادی میں پوری آبادی کو محصور اور حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کو نظر بند کیا گیا وہ بھارتی حکومت اور قابض انتظامیہ کا اعتراف شکست ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فتح بالآخر کشمیریوں کی ہو گی اور بھارت کو ایک روز کشمیرسے جانا ہی پڑے گا۔