ڈی جی نیب لاہور کی زیر صدارت ریجنل بورڈ کا ہنگامی اجلاس،

2 انکوائریوں کی منظوری بورڈاجلاس میں 221.65 ملین روپے کی شکایات پر خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کیخلاف ڈائریکٹ انکوائری کی منظوری دی گئی ہائوسنگ سیکٹر کے تمام متاثرین کو بھرپور انصاف دلوایا جائیگا،افسران کسی بھی دبائو کو پس پشت ڈال کر تحقیقات میرٹ پر جاری رکھیں‘شہزاد سلیم

ہفتہ 19 مئی 2018 14:23

ڈی جی نیب لاہور کی زیر صدارت ریجنل بورڈ کا ہنگامی اجلاس،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم کی زیر صدارت ریجنل بورڈ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل،ڈائریکٹرز اور متعلقہ تفتیشی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے 2 انکوائریوں کی منظوری دے دی گئی ۔ بورڈاجلاس میں خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کے خلاف ڈائریکٹ انکوائری کی منظوری دی گئی ۔

نیب کو خیابان امین ہائوسنگ انتظامیہ کیخلاف مجموعی طور پر 287 متاثرین کی 221.65 ملین روپے کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں ۔دوسری انکوائری ڈاکٹر محمد ارشد ڈائریکٹر ایجوکیشن،پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ و دیگر افسران کیخلاف منظور کی گئی ۔ مذکورہ انکوائری میں احمد ٹریڈرز، امین اینڈ سنز، جاوید انٹر پرائزرز و دیگر شریک ملزم نامزدہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان کیخلاف 2012-13 میں پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ سکول کیلئے غیرمعیاری یونیفارم کی تیاری و خریدوفروخت کا الزام ہے ، شکایت کی مطابق پی ڈبلیو ڈبلیو بی سکولز کیلئے سال 14-2013کی یونیفارمز کے ٹینڈر میں مالی بد عنوانی کا الزام ہے، گزشتہ سال کی نسبت یونیفارمز کی قیمتیں 130گنا زیادہ متعین کیں گئیں، ملزمان کے اس اقدام سے حکومتی خزانے کو لگ بھگ 10کروڈ روپے کا نقصان پہنچا، شکایت کے مطابق ٹینڈر میں من پسند کمپنیوں کو نوازا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے کہا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے ہائوسنگ سیکٹر میں دھوکہ دہی کے سدباب کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیلئے حکم جاری کیے گئے ہیں اور ہائوسنگ سیکٹر کے تمام متاثرین کو بھرپور انصاف دلوایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ افسران کسی بھی دبائو کو پس پشت ڈال کر تحقیقات میرٹ پر جاری رکھیں۔