وزیراعظم فاروق حیدر لیپہ ٹنل تعمیر کے میگا پراجیکٹ ، 50بستر کے منظور شدہ ہسپتال کی تکمیل، اسمبلی میں مخصوص جغرافیائی سرحدی مشکلات کے پیش نظر اضافی انتخابی حلقہ، ڈاکٹرز کی تعیناتی ، نامکمل تعلیمی اداروں کی تکمیل ، سڑکوں کی حالت زار ، ریسکیو 1122سمیت جملہ محکموں کے تحصیل دفاتر کے قیام پر مشتمل 19نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے خصوصی انتظامی احکامات جاری کریں، وادی لیپہ کرناہ آل پارٹیز الائنس کا مطالبہ

ہفتہ 19 مئی 2018 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) وادی لیپہ کرناہ آل پارٹیز الائنس نے ایک بار پھر متفقہ طور پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ لیپہ ٹنل تعمیر کے میگا پراجیکٹ ، 50بستر کے منظور شدہ ہسپتال کا التواء ، اسمبلی میں مخصوص جغرافیائی سرحدی مشکلات کے پیش نظر اضافی انتخابی حلقہ، ڈاکٹرز کی تعیناتی ، سائنس کلاسز کے اجراء ، نامکمل تعلیمی اداروں کی تکمیل ، مین بازار میں آتشزدگی سے تاجروں کا بے پناہ نقصان پر امداد ، سڑکوں کی حالت زار ، ریسکیو 1122سمیت جملہ محکموں کے تحصیل دفاتر کے قیام پر مشتمل 19نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے خصوصی انتظامی احکامات جاری کرتے ہوئے اجتماعی منصوبوں کیلئے بجٹ مختص کریں تاکہ لوگوں کے دیرینہ ، جائز مطالبات حکومتی وعدوں کے مطابق پورے ہوسکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید ، الائنس کے ترجمان منصور عالم قریشی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ٹنل کی تعمیر کیلئے ممکنہ فنڈز کی فراہمی اور آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے بجٹ میں رقم مختص کرکے اسے جاریہ منصوبہ بنانے کیلئے این ایچ اے اور سی ڈی او کے درمیان باہمی اشتراک سے ماہرین کی ایک جائنٹ کنٹرول کمانڈ کمیٹی تشکیل دی جائے جبکہ ہماری تجویز ہے کہ بجٹ میں لیپہ ٹنل کی تعمیر کیلئے فنڈز رکھ کر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اس منفرد شہرت یافتہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر قیمتی انسانی جانوں کو موت کی آغوش میں جانے سے بچانے کی نوید دیکر اپنے آپ کو تاریخ میں امرکردیں ۔

شوکت جاوید اور منصور عالم نے کہا کہ وادی لیپہ دفاعی ، سیاحتی ، تجارتی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں سیاحت کو فروغ دیکر معاشی خود کفالت پر انحصار کیا جاسکتا ہے اور ہائیڈرل کے منصوبہ جات سے پیدا ہونیوالی بجلی ٹرانسمیشن لائن کے باعث مظفرآباد ڈویژن کی ضرورت پوری کرتی ہے اور منرل کے قدرتی بڑے بڑے ذخائر سے مستفید ہوکر پاکستان اور بیرون پاکستان زر مبادلہ کمانے کیلئے حکومت اور سرمایہ کاروں کیلئے مواقع پیدا ہونگے ۔

جبکہ بہادر افواج پاکستان دفاع وطن کیلئے دن رات ہزاروں فٹ بلندی پر کھڑے ہوکر اپنے قومی فرائض سرانجام دینے کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہے جس کیلئے انہیں جانوں کے نذرانے ، دشمن سے لڑتے ہوئے بھی پیش کرتے ہیں اور راستوں کی بندش کیوجہ سے بھی دوہری قربانی دینی پڑتی ہے اور اسی طرح دفاع کیلئے اخراجات میں بھی پانچ سو گنا زیادہ اخراجات کرنا پڑتے ہیں ۔

اب وقت آچکا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اپنے وعدوں اور اپنے اعلیٰ ترین قیادت کی طرف سے کئے گئے اعلانات کو عملاً پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔ ہم نے ہمیشہ اچھے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے عوامی مسائل پر تنقیدی نشتر چلانے کے بجائے نشاندہی کو اپنی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے کردار ادا کیا ہے اور موجودہ حکومت ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ 6ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کی جانفشانی پر کسی قسم کا کوئی شک شبہ نہیں کیا جاسکتا ۔

اگرچہ ہم نے اپنے جائز تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کو بھی اپنے ایجنڈے کا حصہ بنایا ہوا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہر فورم پر حق نمائندگی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی ۔ ہمارا آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان چوہدری لطیف اکبر ، سردار عتیق احمد خان ، بیرسٹر سلطان محمود ، انجینئر خالد محمود ، سردار خالدابراہیم، کے علاوہ تمام مکاتب فکر اور بالخصوص الیکٹرانک ، پرنٹ میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے بجٹ میں لیپہ ٹنل اور 50بستروں کے ہسپتال کی تعمیر ، سڑکوں اور سکولوں سمیت 19نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پورا کرنے کیلئے حائل رکاوٹیں دور کریں جبکہ بہادر افواج پاکستان ، قومی سلامتی کے اداروں کی طرف سے ٹنل کی تعمیر کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی عوامی مسائل کے حل اور نصف صدی کے مطالبہ کی تکمیل کیلئے حوصلہ افزا ہیں ۔