سبیکا کے والدین کے غم میں برابر کے شریک میت پرسوں تک پاکستان بجھوانے کا انتظام کرینگے ‘

تاخیر کی وجہ ہوسٹن سے پاکستان براہ راست فلائٹ نہ ہونا ہے‘میت کی براہ راست پاکستان روانگی کیلئے ایئرلائن سے بات کرینگے ‘عائشہ فاروقی تفصیلات کا انتظار ہے‘ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ اس حوالے سے الرٹ ہے‘دفتر خارجہ سبیکا کے لواحقین اور دوستوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں‘اعزاز چوہدری ہماری دعائیں ٹیکساس واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں‘ملیحہ لودھی

ہفتہ مئی 15:56

سبیکا کے والدین کے غم میں برابر کے شریک میت پرسوں تک پاکستان بجھوانے ..
ہوسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ سبیکا شیخ کی موت انتہائی افسوس ناک ہے، سبیکا کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،سبیکا گزشتہ سال اگست میں امریکا آئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ سبیکا کے والدین کی خواہش ہے کہ میت جلد پاکستان پہنچائی جائے، پاکستانی قونصل خانہ، میڈیکل سینٹر اور انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایک سے دو روز میں کارروائی مکمل کرکے میت روانہ کردی جائے، تاخیر کی وجہ ہوسٹن سے پاکستان براہ راست فلائٹ نہ ہونا بھی ہے، تاہم میت کی براہ راست پاکستان روانگی کیلئے ایئرلائن سے بات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ میت پاکستان بھجوانے سے متعلق حکمت عملی بنا لی ہے، کل تک اہم پیش رفت سے آگاہ کریں گے، ہفتہ وار تعطیل کے بعد ایک سے دو روز لگیں گے، پیر کو میت پاکستان بھجوانے کا انتظام کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تفصیلات کا انتظار ہے، ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ اس حوالے سے الرٹ ہے۔ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے سانتا فے فائرنگ واقعہ پر افسوس کا ااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سبیکا کے لواحقین اور دوستوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں ٹیکساس واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔