ْہمہ وقت اپنے فرائض کے لئے مستعد رہنے والی پولیس فورس عوام کی محافظ ہے ، ڈی پی او اوکاڑہ

ہفتہ 19 مئی 2018 16:10

اوکاڑہ۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی نے کہا ہے کہ پولیس فورس عوام کی محافظ ہے جو اندرون ملک ہمہ وقت اپنے فرائض کے لئے مستعد ، چا ق و چابندرہتی ہے ،بہادرا فواج کے بعد پولیس پر ہی سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کے شہریوں کوتحفظ فراہم کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے طیب سعید شہید پولیس لائنزمیں انٹی رائٹ فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈسے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنا شہریوں کابنیادی حق ہے لیکن ہمار ا معاشرہ شدت پسند ہوچکاہے جس کی وجہ سے معمولی معمولی بات پربڑے بڑے ہنگامے شروع کردیے جاتے ہیں ،مظاہرین اپنے قانونی حق کے لیے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں، قومی املاک کونقصان پہنچا یاجاتا ہے ،روڈ بلاک کرکے طلباء ، ملازمین حتیٰ کہ مریضوں کو ان کے منزل تک کے جانے کے راستے کو بند کر دیا جاتا ہے ،ایسے حالات میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ ہنگامہ آرائی میں شامل افراد کوبھی تحفظ دینا ہماری ذمہ داری ہے ،ڈی پی او نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کے قیام سے پویس فورس اس قابل ہوگئی ہے کہ احتجاج کتنا بھی شدید ہو ا س کو بغیر کسی نقصان کے منتشرکیاجا سکتاہے ،ماضی میں احتجاج ختم کرنے کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں یاہمیشہ کی معذوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیںلیکن حالیہ تربیت کا مقصدہے کہ وقتی طور پر تو مظاہرین کوتکلیف دی جائے تاکہ وہ اپنے گھروں کولوٹ جائیں لیکن کسی کاقتل یا زندگی بھر کی معذوری نہ ہونے پائے ، اب پوری پولیس فورس کو فخر ہوگاکہ وہ جدیدانداز میں حاصل کردہ تربیت کے ذریعے سماج دشمن عناصراور خلا ف قانون مظاہرین کے شرکاء سے اس طرح نپٹے گی کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے ،اس موقع پر اینٹی رائٹ فورس نے جدید تربیت کااستعمال کرتے ہوئے کم سے کم نقصان اور گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ خلاف قانون مظاہر ین کو منتشر کرنے کا عملی مظاہر ہ کیا، اہم عمارت یا علاقہ میں مظاہرین کے داخل ہونے کی کوشش یاداخلے کے بعد حکمت عملی کے لئے مختلف فارمیشن،کھلے عام اجتماع کومنتشر کرنے کے لئے سپرے ،مشتعل مظاہرین کی طرف سے پتھرائو کو کنٹرول کرنے کے لئے روف فارمیشن ، آنسو گیس کااستعمال ،اہم شخصیت کی آمد پر محفوظ راستہ بنانے کاعملی مظاہر ہ کیاگیا، اس موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل محمد ضیاء الحق ،ریزرو انسپکٹر عامر سلطان اور لائن افسرنورمحمد بھی موجود تھے۔