امریکہ وزیر خارجہ اور افغان صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،مفاہمتی امن عمل کی حمایت کا اعادہ

محفوظ اور خوشحال افغانستان تعمیر کی یقین دہانی کرائی گئی،انتخابات شفاف و قابل اعتماد بنائے جائیں،افغان قیادت اور کابل زیر نگرانی امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں،امریکہ محکمہ خارجہ

ہفتہ 19 مئی 2018 16:11

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے،جس میں امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں پائیدار سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ہفتہ کو ترجمان امریکہ محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،جس میں وزیر خارجہ نے افغانستان میں پائیدار سرمایہ کاری کو فروٖغ دینے کی ضرورت پر زور دیا،صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی حکمتِ عملی کے اعلان میں کہا تھا،فرح شہر کے دفاع کیلئے افغان فوج کی عسکری میدان میں مدد کی جائیگی۔

بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے محفوظ اور خوشحال افغانستان تعمیر کے صدر غنی کے عزم کو سراہا اور اس امر کی جانب توجہ دلائی کہ اداروں میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ انتخابات شفاف و قابل اعتماد ہوں اور اِن کا انعقاد بروقت ممکن ہو۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ دونوں نے دہشتگردی کیخلاف لڑائی میں امریکا اور افغانستان کے مابین ٹھوس ساجھے داری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغان قیادت والے اور افغان زیر نگرانی امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔