محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت 26مئی تک ملتوی

عدالت کے روبرو گواہ کے بیان پر شرجیل انعام کے وکلا نے جرح مکمل کرلی ،آئندہ سماعت پر دیگر ملزمان کے وکلا جرح کرینگے

ہفتہ 19 مئی 2018 16:31

محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات میں پونے چھ ارب روپے کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔عدالت کے روبرو گواہ کے بیان پر شرجیل انعام کے وکلا نے جرح مکمل کرلی آئندہ سماعت پر دیگر ملزمان کے وکلا جرح کرینگے۔ہفتے کو احتساب عدالت میں شرجیل انعام میمن اور دیگر کے خلاف دائر کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت میں شرجیل انعام میمن کے وکلا نے گواہ زینت جہاں کے بیان پر جرح کرتے ہوئے ان سے سولات پوچھے کہ آپ کی ترقی گریڈ 16 سے گریڈ 17 میں کیسے ہوئی۔کیا ماضی میں آپ ایک سے زائد پوسٹوں پر تعینات رہیں تھیں۔کیا آپکو مئی 2010 میں شوکاز نوٹس جاری ہوا۔

(جاری ہے)

آپ نے اپنے بیان میں یہ کہا کہ آپکو دھکمیاں دی جارہی ہیں کیا اس سلسلے میں آپ نے پولیس سے کوئی بات کی۔

شرجیل انعام میمن کے وکیل کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے گواہ زینت جہاں کا کہنا تھا کہ انکی پروموشن نہیں ہوئی بلکہ 90 یا 91 میں وہ اپ گریڈ ہوئیں۔۔انکو2010 میں شوکاز جاری کیاگیا جس میں یہ لکھا گیا کہ آپ 56 دن غیر حاضر رہی مگر کب ہوئی کس وجہ سے ہوئی یہ نہیں بتایا گیا۔گواہ زینت جہاں کا سوالات کا جواب دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ 2017 میں ان پر حملہ کیا گیا لیکن جب تحقیقات ہونگی تو ملوث لوگ سامنے آئینگے۔عدالت میں شرجیل انعام میمن کے وکیل نے گواہ کے بیان پر جرح مکمل کی جس پر عدالت نے ریفرنس کی کارروائی 26مئی تک ملتوی کردی۔۔۔واضح رہے کہ آئندہ سماعت پر دیگر ملزمان کے وکلا گواہ کے بیان پر جرح جاری رکھیں گے