راولپنڈی آرٹس کونسل میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب کا انعقاد

ہفتہ مئی 16:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) فلسطین کے عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر عالم اسلام سراپا احتجاج ہے ، امن پسند قوتیں اور اقوام متحدہ فلسطین میں مسلمانوں کے قتل و عام کا نوٹس لیں اور اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری اور گولہ باری فور ی طور پر بند کی جائے۔ یہ بات ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن حامدجاوید اعوان نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ وقار احمد نے کہاکہ فلسطین کے عوام اپنی آزاد ی کا حق مانگ رہے ہیں اور پوری دنیا کو ان کے حق کیلئے آوازاٹھانی چاہیے۔ سجاد حسین ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہاکہ پوری دنیا میں مسلمانوں کے خلاف سازشیں جاری ہیں اور ان پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے۔ محمد اویس انفارمیشن آفسیرنے اظہار خیال کے دوران کہاکہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر جاری جارحیت قابل مذمت ہے جس کی روک تھام کے لئے تمام اسلامی ممالک اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے فللسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔