جماعت اسلامی کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت

ایل او سی دہشت گردی اور آبی جارحیت کے خلاف عالمی فورم پر مؤثر آواز اٹھائی جائے، ممتاز سہتو

ہفتہ 19 مئی 2018 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت اور بچوں سمیت کئی شہریوں کی شہادت اور املاک کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل ایل او اسی پر فائرنگ اور جانی و مالی نقصان سے ان کے پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم کی کھلی عکاسی ہوتی ہے۔

بھارت دوسری جانب پاکستان کو خشک سالی و بنجر بنانے کیلئے تمام بین الاقوامی قوانین کو روندتے ہوئے کشن گنگا سمیت دیگر ڈیم بنا کر کھلی آبی جارحیت کر رہاہے جو کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی بھارتی دہشت گردی پر خاموش افسوس ناک و شرمناک امر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ کتنے افسوس و دکھ کی بات ہے کہ ایک طرف بھارت، اسرائیل، امریکہ کے ساتھ ملکر بلوچستان میں مداخلت اوردہشتگردی کی کاروایوں کے ذریعے پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب سابق نا اہل وزیر اعظم سمیت حکمراں ٹولہ پڑوسی دشمن ملک سے دوستی بڑھانے کیلئے بے چین ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی و احتجاج کے ساتھ بھارت کی ورکنگ باؤنڈری پر دہشت گردی اور سندھ اس مسئلے کے خلاف کشن گنگا سمیت دیگر غیر قانونی ڈیموں کی تعمیر کے خلاف بھی عالمی قورم پر مؤثر آواز بلند کی جائے۔