قومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچ کو تنخواہ و دیگر مراعات کی ادائیگی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مشکلات کا سامنا کرنا

ہفتہ 19 مئی 2018 17:54

قومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچ کو تنخواہ و دیگر مراعات کی ادائیگی میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) قومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچ راولنٹ اولٹیمینز کو تنخواہ اور دیگر مراعات کی ادائیگی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، ڈچ کوچ کو تنخواہ کی ادائیگی کیلئے ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ سے 35لاکھ روپے کی سالانہ گرانٹ مانگ لی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گزشتہ سال قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کاکردگی پر غیر ملکی کوچ کی تعیناتی کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈچ کو چ راولنٹ اولٹیمینز کی 8ہزار یوروز ماہانہ تنخواہ کے عوض خد مات لی تھی تاہم فیڈریشن کو انہیں تنخواہ کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس حوالے سے ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ سے 35لاکھ روپے کی سالانہ گرانٹ جاری کر نے کی درخواست کی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا و نیشنل سپورٹس فیڈریشنز اعظم ڈار واضح کیا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے ڈچ کوچ راولنٹ اولٹیمینز کی تقرری اور مراعات کے حوالے سے پی ایس بی کا کوئی تعلق نہیں جبکہ ہاکی فیڈریشن کی 35لاکھ روپے کی سالانہ گرانٹ جلد جاری کر دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ غیر ملکی ہاکی کوچ کی تنخواہ کا معاملہ پاکستا ن ہاکی فیڈریشن کا ہے کیونکہ پی ایس بی نے ڈچ کوچ کی تقرری کو سپانسر نہیں کیا اور اس حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ کا اپنا طریقہ کار ہے ۔ اس ضمن میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز سینئر نے تصدیق کی کہ غیر ملکی ہاکی کوچ کو فیڈریشن نے 30تاریخ تک تنخواہ کی ادائیگی کرنی ہے ۔

متعلقہ عنوان :