چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا اوپن مارکیٹوںمیں کریک ڈائون،گراں فروشی پر 12گرفتار

تین کو ہزاروں روپے جرمانے، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنیوالوں کی سر زنش،تول بھی چیک کی ناقص پھل اور سبزیاں موقع پر تلف کرا دئیے،عوام کو ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی‘ میاں عثمان

ہفتہ 19 مئی 2018 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے داروغہ والا اور باغبانپورہ کی اوپن مارکیٹوں کا دورہ کر کے پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا،گراں فروشی پر 12دکانداروں کو موقع سے گرفتار ،تین کو بھاری جرمانے جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے متعدد دکانداروں کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ۔

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران اور پولیس کے ہمراہ داروغہ والا اور باغبانپورہ کی اوپن مارکیٹوں میںجنرل سٹورز، پھلوں ، سبزیوں ،گوشت کی دکانوں کا دورہ رک کے سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کے ساتھ ساتھ معیار کا بھی جائزہ لیا ۔ انتظامیہ کے لوگوںنے اس موقع پر صارفین کے روپ میں خریداری بھی کی اورگراں فروشی سے باز نہ آنے والے 12دکانداروں کو موقع سے ہی گرفتار جبکہ تین کو ہزاروں روپے جرمانے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اورناقص پھل اور سبزیوں فروخت کرنے والوں کی سرزنش کی گئی اور ناقص اشیاء قبضے میں لے کر تلف کرادئیے گئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں بھرپور کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے اور اشیائے خوردونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ انتظامیہ کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی دکاندار کو بھی قیمتیں چیک کرنے کی آڑ میں ہراساں نہ کیا جائے اور قیمتوں کاجائزہ لینے کے موقع پر مجسٹریٹ خود موقع پرموجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔