پیپکومیں جعلی بھرتیوں کے الزام میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف کیس کی سماعت 30 جون تک ملتوی

ہفتہ 19 مئی 2018 19:24

لاہور۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) لاہور کی احتساب عدالت نے پیپکومیں جعلی بھرتیوں کے الزام میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف کیس کی سماعت 30 جون تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ ہفتہ کو عدالتی سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالتی حکم کے باوجود استغاثہ کے گواہان پیش نہ ہونے پر عدالت نے کیس کی سماعت30 جون تک ملتوی کر دی، بعد ازاں سابق وزیر اعظم وپیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کا بیانیہ پاکستان کے خلاف ہے، اس لئے فوری اس سے دستبردار ہو جائیں،ملک کے سارے لوٹے پی ٹی آئی میں جمع ہو چکے ہیں،آئندہ عام انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دنیا بھر میں محمد نواز شریف کے بیان کی مذمت کی گئی ہے ، ایسا بیان سابق وزیر اعظم کے شایان شان نہیں،انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے بیان کا فائدہ بھارت کو ہوا ہے۔

(جاری ہے)

متنازعہ بیان پر ہر پاکستانی نے غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربا نیاں بے مثال ہیں ،ہمیں اپنی مسلح افواج پر اوران کی کارکردگی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ لوٹوں کے جمع ہونے سے پی ٹی آئی کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہی حکمران جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے اور اس کا فائدہ پیپلز پارٹی کو ہو گااور اگلی حکومت پیپلز پارٹی ہی بنائے گی۔