راولپنڈی و چکلالہ کینٹ میں پانی بحران شدت اختیار کر گیا

پانی کا باکفایت استعمال وقت کی ضرورت، صورتحال سنگین تر ہو سکتی ہے

ہفتہ 19 مئی 2018 19:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے علاقوں میں پانی بحران شدت اختیار کر گیا ،راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے شہریوں کوپانی کے باکفایت استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پانی کے ضیاع میں ملوث صارفین کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کینٹ کے علاقوں میں پانی کی طلب پوری کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں تاھم خانپور ڈیم سے پانی کی فراہمی 9ملین گیلن سے کم کر کے 4ملین گیلن کر دی گئی تھی جس کے بعد پانی کی راشننگ ضروری تھی ۔

قیصر محمود نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ پانی کے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بھی کارروائی جا ری رکھے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کینٹ میں پانی بحران پر قابو پانے اور صارفین کو پانی کی بروقت ترسیل کے لیے کینٹ بورڈ انتظامیہ پلان پر موثر عمل در آمد میں مصروف ہے ۔راولپنڈی کینٹ بورڈ کی پانی کے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف جاری مہم کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیئے گئے ۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کینٹ کو حالیہ دنوں میں خانپور ڈیم سے چار ملین گیلن پانی مل رہا ہے جبکہ قبل ازیں 12ملین گیلن کوٹہ کے مقابلے میں راولپنڈی کینٹ کو 9ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا تھا ۔راولپنڈی کینٹ بورڈ کینٹ کے رہائشیوں کی 19ملین گیلن کی ضروریات خانپور ڈیم اور اپنے 60ٹیوب ویلز کے ذریعے پوری کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔دوسری جانب چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ علاقوں میں بھی پانی بحران سنگین تر ہو گیا ہے ۔

پانی کی قلت کی وجہ سے لوگ پرائیویٹ ٹینکروں کے ذریعے پانی کی خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔سیکرٹری چکلالہ کینٹ بورڈ امان اللہ خان نے کینٹ کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے غیر ضروری استعمال مثلاً گاڑیاں ،فرش دھونے و دیگر غیر ضروری استعمال کو ترک کر دیں ۔امان اللہ نے کہاکہ پانی کا باکفایت استعمال وقت کی اشد ضرورت ہے بصورت دیگر صورتحال سنگین تر ہو سکتی ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ پانی کا ضیاع ہمارے دین نے بھی منع کیا ہے ۔ پرائیویٹ ٹینکر کنٹونمنٹ کے علاقے میں پرائیویٹ ٹیوب ویلوں سے پانی بھر کر سپلائی کررہے ہیں اور 2ہزار روپے فی ٹینکر وصول کرتے ہیں۔ قومی خبر ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شہزاد تنویر نے ٹیوب ویلوں میں پانی کی سطح نارمل رکھنے کیلئے ان کی چارجنگ کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ کینٹ کے رہائشیوں کو درپیش پانی کی کمی کے مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :