انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس کے اشتہاری ملزم شہباز عرف سائیں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈدے دیا

ہفتہ 19 مئی 2018 19:33

لاہور۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اندرون لاہور شہر کی معروف سیاسی شخصیت ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس کے اشتہاری ملزم شہباز عرف سائیں سے تفتیش اور آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ٹیپو ٹرکاں والا کے قتل کیس کے ملزم کو سات دن کے جسمانی ریمانڈ کے بعد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم شہباز عرف سائیں کو انسداد دہشت گردی عدالت نمبر چار کے جج عبدالقیوم خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے آلات قتل اور تفتیش کے لئے سات دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا سنتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کر دی اور تفتیش مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ملزم کے خلاف تھانہ جنوبی چھاونی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی دفعہ سمیت چھے مختلف دفعات کے تحت قتل کا مقدمہ درج ہے۔