پروفیشنل ٹریننگ کسی بھی ادارے کی مضبوطی کے لئے بہت ضروری ہوتی ہے، کمشنر

ہفتہ 19 مئی 2018 19:44

ملتان۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ پروفیشنل ٹریننگ کسی بھی ادارے کی مضبوطی کے لئے بہت ضروری ہوتی ہے۔ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے اس لئے ان کی ٹریننگ کا باقاعدگی سے بندوبست کرنا بہت ضروری ہے۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اساتذہ کی ٹریننگ پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ہما را تعلیمی نظام عالمی سطح کے معیار کو نہ چھو سکا۔

ہائیر ایجوکیشن نے پہلی بار نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی ٹریننگ کا بندوبست کر کے اچھی مثال قائم کی ہے۔ اس سلسلے کو جاری رکھ کر یقینا مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میںنئے بھرتی ہونے والے لیکچرار کی ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے کہا کہ ہم سب کو بحیثیت قوم پڑھنے لکھنے کی عادت ڈالنی چاہئے۔

دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔ یہاں صرف وہی کامیاب ہوپائے گا جس کا علم جدید اور تحقیق پر مبنی ہوگا بصورت دیگر ناکامی کو مقدر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے بہت لوگوں نے کتاب پڑھنے اور تحقیق کرنے کی عادت ختم کردی ہے لیکن مطالعہ انسان کی صلاحیتوں کو نکھارتا اور ترقی کی راہیں ہموار کرتا ہے۔اساتذہ کو نئی کتب کے مطالعے کی عادت کو اپنانا چاہئے تاکہ طالب علموں میں رٹا سسٹم کو ختم کر کے مقصد یت اور فہم وفراست پر مبنی علم کی بنیاد رکھی جاسکے۔

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حیدر رضا گردیزی نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام 12دنوں کی ٹریننگ میں سائوتھ پنجاب کے ڈویژنوں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان کے 113ٹیچرز کو ایڈمنسٹریشن، اختیارات، ٹیچنگ میتھڈز سمیت دیگر معاملات پر ٹریننگ دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لئے بیسٹ ریسورس پرسنز اور بیسٹ ٹریننگ ٹیم کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ کی سپورٹ سے ٹریننگ سیشنز کو کامیاب بنایا گیا ہے۔پرنسپل ایمرسن کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے بعدگورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں کالج ٹیچرز ٹریننگ سیشنز کا انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کا مقصد کالج ٹیچرز کو جدید ٹیکنیکس سے روشناس کرانا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ کی سرپرستی میں ہم نے اپنا مقصد حاصل کرلیا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔اختتامی تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر منصور علی شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیکچراروں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔