اہلیان توحید آباد نتھیاگلی کا لڑکی لاپتہ کیس میں شدید احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 19 مئی 2018 19:48

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) اہلیان توحید آباد نتھیاگلی نے لڑکی لاپتہ کیس میں ہفتہ کو شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوری میں نتھیاگلی کے علاقہ کنڈلا سے 12 سالہ لڑکی گھر کے قریب سے لاپتہ ہو گئی تھی جس پر تھانہ ڈونگا گلی میں لڑکی کے والد محمد فہیم نے رپورٹ درج کروائی۔ بعد ازاں مارچ میں لڑکی راولپنڈی ایدھی ہوم سنٹر سے ورثاء کو مل گئی اور پولیس نے لڑکی کا 164 کا بیان بھی لے لیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد لڑکی کو سیشن کورٹ ایبٹ آباد نے والدین کے حوالہ کر دیا اور دوبارہ پولیس کو حکم دیا کہ لڑکی کا بیان لیا جائے جس پر پولیس تھانہ ڈونگا گلی نے بیان لیا اور ورثاء کے مطابق لڑکی نے اپنے اغواء میں جن افراد کی نامزدگی کی پولیس ان کو گرفتار نہیں کر رہی جس پر توحید آبد کے مقام پر اہلیان علاقہ نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے مری روڈ کو گھنٹوں جام کئے رکھا۔ اس دوران پولیس کی نفری آ گئی اور انہوں نے لڑکی کے والد نسیم سمیت دیگر افراد پر سڑک بلاک کرنے کا پرچہ کر دیا۔