ایبٹ آباد شہر میں 12 گھنٹے ٹریفک جام ،ایوب میڈیکل کمپلیکس سے فوارہ چوک تک کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا

ہفتہ 19 مئی 2018 19:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) شاہراہ ریشم شاہراہ شرم میں تبدیل ہو گئی، ایبٹ آباد شہر میں 12 گھنٹے ٹریفک جام رہی۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس سے فوارہ چوک تک چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، ٹریفک جام کی وجہ سے سوزوکی و ٹیوٹا ڈرائیوروں نے بھی کرائے ڈبل کر لئے ہیں، سکول و کالج کے طلباء اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ٹریفک پولیس حسب روایت غائب دکھائی دینے لگی ہے۔

سکول کے طلباء نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ ایبٹ آباد شاہراہ ریشم، مانسہرہ روڈ اور مری روڈ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے جام رہی، ایوب میڈیکل کمپلیکس سے ایبٹ آباد فوارہ چوک کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، ٹریفک جام کی وجہ سے سوزوکی ڈرائیووں نے سواریوں کو منڈیاں سے سپلائی تک لاتے رہے۔

(جاری ہے)

سپلائی سے آگے عوام پیدل چلنے پر مجبور رہی جبکہ سوزوکی ڈرائیوروں اور ٹیوٹا ڈرائیور نے بھی کرائے ڈبل رکھے رہے جس کی وجہ سے سکول و کالجوں کی طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا۔

ٹریفک پولیس کے انسپکٹر کیڈٹ فاروق، ایڈویشنل انسپکٹر محمد پرویز اور تمام ٹریفک کے رولز سرے سے غائب رہے۔ دوسری طرف ڈی ایس پی کینٹ اشتیاق خان جنرل بس سٹیشن پر پنک بسوں کے افتتاح میں مصروف تھے۔ ٹریفک جام کی وجہ سے مریض راستہ میں دم توڑ گئے اور سینکڑوں افراد بیرون ملک کی فلائٹ سے بھی لیٹ ہوئے۔ شہری ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔