مولانا گل نصیب خان نے ہزارہ ڈویژن میں متحدہ مجلس عمل کی تنظیم سازی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

ہفتہ مئی 19:51

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر مولانا گل نصیب خان نے ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں متحدہ مجلس عمل کی تنظیم سازی کیلئے مفتی کفایت الله، نورالحق، حاجی غلام مصطفیٰ اور ملک محمد اسد پر مشتمل چار رکنی کمیٹی کا اعلان کر دیا۔ یہ کمیٹی 27 مئی تک ہزارہ کے اضلاع ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور تورغر میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرے گی۔

اس امر کا اعلان متحدہ مجلس عمل کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ متحدہ مجلس عمل کی صوبائی تنظیم کی تکمیل کے بعد تمام اضلاع کی سطح پر تنظیم سازی کیلئے صوبہ کی تمام ڈویژنوں میں کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں تاکہ ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر تنظیم نو کا عمل مکمل ہو سکے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے تمام کارکن رمضان المبارک میں افطار اور قرآن کانفرنسوں کا انعقاد کر کے عوام میں امت مسلمہ کے خلاف سامراجی عزائم کے بارے میں شعور اجاگر کر کے اپنا فریضہ پورا کریں، عید کے بعد متحدہ مجلس عمل کے قائدین صوبہ بھر کا دورہ کریں گے جبکہ مرکزی شیڈول کے مطابق صوبہ کے مختلف مقامات پر بڑے بڑے جلسوں سے ایم ایم اے کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔