نواز شریف نے ملک کو سنگین بحرانوں سے ودچار کردیا ہے، سردارسربلند جوگیزئی

پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے،وفد سے بات چیت

ہفتہ 19 مئی 2018 18:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک کو سنگین بحرانوں سے ودچار کردیا ہے پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے،2018ء کے انتخابات میں عوام نا اہل حکمرانوں کا ووٹ کی پرچی کے ذریعے احتساب کرینگے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی بلو چستان کے میڈیا سیل میں ژوب ،لورالائی اورپشین کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کاواضح ثبوت عوام کی جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شمولیت ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدارمیں آئی عوام کو انکے بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے پیپلز پارٹی نے ملک کو 1973ء کا متفقہ آئین ،صوبوں کو صوبائی خودمختاری ،خیبر پختونخوا کو صوبے کا نام دیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو سنگین بحرانوں سے دوچار کردیا ہے انکا حالیہ بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2018ء کے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آکر ملک کو موجودہ بحرانوںسے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریگی۔