مقدس مہینہ ہیں ہمیں معاف کر دیں ، ملزمان

قصور میں عدلیہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے عدالت میں بھیگی بلی بن گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 19 مئی 2018 18:46

مقدس مہینہ ہیں ہمیں معاف کر دیں ، ملزمان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-19مئی 2018ء ) :قصور میں عدلیہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے عدالت میں بھیگی بلی بن گئے۔سماعت کے دوران ملزمان نے کہا کہ مقدس مہینہ ہے ہم سے غلطی ہو گئی ہمیں معاف کردیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایسے ڈرامے عدالت میں نہیں چلتے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے قصور شہر میں عدلیہ مخالف نعرے بازی، تقاریر اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی پر سماعت ہو ئی۔

۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔ ملزموں کے وکیل کا موقف تھاکہ سیاسی بنیادوں پر ان کے نام لئے گئے ہیں،انکا قصور نہیں ہے۔ملزمان کے وکیل کا بار بار کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم نے بھی معافی مانگی تھی اور ان کو معاف کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس کیس کے ملزمان بھی اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور خود کو عدالتی رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں ۔

میرے موکلین کو معاف کر دیا جائے۔ ان کی درخواست ضمانتیں عدالت کی جانب سے وصول ہی نہیں کی جا رہیں۔ عدالت نے کہا کہ توہین عدالت میں زبانی معافی مانگنے کی بجائے جو کچھ بھی آپکا موقف ہے اسے تحریری صورت میں پیش کیا جائے۔ عدالت کے سامنے ملزمان نے گڑ گڑ انا شروع کر دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان کا مقدس مہینے ہے، ان کو معاف کر دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کی جذباتی باتیں نہ کی جائیں یہ عدالت ہے۔

بار بار معافی طلب کرنے پر عدالت نے قرار دیا کہ یہاں ڈرامہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ اگر اس طرح معاف کر دیا گیا تو ہو سکتا ہے کہ اس طرح کی بدتمیزی کی روش پڑ جائے۔ عدالت نے انسداد دہشتگردی عدالت کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے باور کرایا کہ ہائی کورٹ نے ضمانتوں کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے۔