فرانس کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان، مارشل اور لیکازٹ ڈراپ

حیران کن طور پر انتھونی مارشل اور الیگزینڈر لیکازیٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے

ہفتہ 19 مئی 2018 18:50

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) فرانس نے آئندہ ماہ شیڈول فٹبال ورلڈ کپ کے لیے اپنے 23رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور حیران کن طور پر انتھونی مارشل اور الیگزینڈر لیکازیٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔مارشل انگلش پریمیر لیگ کی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر ، لیکازیٹ آرسینل کے فارورڈ ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا اور ان کے اخراج پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار فرانس کیلئے 22 میچ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں ، 16 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے لیکازٹ نے آخری مرتبہ نومبر میں فرانس کی نمائندگی کی تھی تاہم ان دونوں کھلاڑیوں کو 11 ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست کا حصہ بنایا گیا اور کسی بھی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا جا سکے گا ،اس کے ساتھ ساتھ مڈفیلڈر دمتری پیٹ بھی انجری کے سبب ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے جہاں 31سالہ فٹبالر یوروپا لیگ کے فائنل ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

فرانس کے اسکواڈ میں انگلش پریمیئر کھیلنے والے 5 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں بینجامن مینڈی، این گولو کانٹے، اسلیور جیروڈ، پال پوگبا اور گول کیپر ہوگو لورس شامل ہیں۔۔فرانس ورلڈ کپ کے گروپ سی میں موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک سے ہو گا۔ورلڈ کپ 2018 کیلئے فرانس کے سکواڈ میں گول کیپر ،ہوگو ایل لورس، اسٹیو منڈانڈا، الفونسو ایریولا ،دفاعی کھلاڑی ،لوکاس ہرنینڈز، پریسنل کم پیمبے، بنجامن مینڈی، بنجامن پیورڈ، ایڈل رامی، ڈبرل سدیبی، سیمیول امتیتی اور رافیل ورین ،مڈفیلڈر ، این گولو کانٹے، بلیس مٹوئڈی، اسٹیون این زونزی، پال پوگبا اور کورینٹن تولیسو ،فارورڈ ،عثمان ڈیمبیلے، نبیل فکیر، اولیور جیروڈ، انٹوئن گریزمین، تھامس لیمار، کے لیان ایم باپے اور فلورین تھاوین شامل ہیں ۔

۔