سرگودھا شہر میں ٹریفک کے رش ، حادثات کنٹرول کرنے کیلئے پل 47سے براستہ 47ٹیل بائی پاس تک سڑک کو ڈبل اور خیام چوک برج کی ری ماڈلنگ کے دو میگا منصوبوں پر عملدرآمد روک کر انہیں آنیوالی حکومتوں کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا

ہفتہ 19 مئی 2018 18:50

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) سرگودھا شہر میں ٹریفک کے رش اور حادثات کنٹرول کرنے کیلئے پل 47سے براستہ 47ٹیل بائی پاس تک سڑک کو ڈبل اور خیام چوک برج کی ری ماڈلنگ کے دو میگا منصوبوں پر عملدرآمد روک کر انہیں آنیوالی حکومتوں کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا،ٹیچنگ ہسپتال کے توسیع منصوبہ کے بعد خیام چوک سے جھنگ موڑ تک سڑک اور اوور ہیڈبرج اسی طرح 47پل سے فیصل آباد روڈ بائی پاس تک ٹریفک کا رش جہاں کنٹرول سے باہر ہے وہاں حادثات کی شرح میں مسلسل اضافہ اور انسانی ضیاع باعث تشویش بنتا جا رہا ہے ،یہ دونوں سڑکیں فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب سمیت 11اضلاع کو جانیوالی ٹریفک کیلئے استعمال ہوتی ہیں، اس ضمن میں سیاسی نمائندوں کی سفارش پرصوبائی حکومت کی منظوری کے بعد ضلعی ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مذکورہ دونوں منصوبوں کی فیزبیلٹی رپورٹ ارسال کرتے ہوئے مالی سال 2017-18میں انہیںشامل کرنے کی استدعا کی گئی تھی جس کے مطابق خیام چوک اوور ہیڈ برج کی ری ماڈلنگ کرتے ہوئے اس میں نہر لوئیر جہلم تک توسیع کی جائے گی جس پر 1ارب52کروڑ94لاکھ 47ہزار روپے اسی طرح پل 47سے براستہ 49ٹیل بائی پاس تک لگ بھگ 6کلومیٹر سڑک کو دورویہ کرنے کیلئے 58کروڑ62لاکھ 84ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ، ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سپیشل سیکرٹری ٹو چیف منسٹرکی جانب سے ڈویژنل و ضلعی حکام کو جاری مراسلہ میں کہا گیاہے کہ یہ دونوں فیزبیلٹی رپورٹس وزیر اعلی میاں شہباز شریف نے دیکھ لی ہیں مگر تاحکم ثانی اس پر عملدرآمد نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ،اس طرح یہ دونوں اہم منصوبے مزید تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :