Live Updates

بانی متحدہ کا نام تو سیاست سے مٹ گیا، ان کے چاہنے والے اور مخالفین دونوں آج تک انہیں یاد کرکرکے لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں، فردوس شمیم نقوی

چاہنے والے رورو کر اور مخالفین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ بانی متحدہ کو یاد کیا جائے یا نہیں، اس سے اب کوئی فرق نہیں پڑتا، صدر پاکستان تحریک انصاف کراچی

ہفتہ 19 مئی 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ بانی متحدہ کا نام تو سیاست سے مٹ گیا، ان کے چاہنے والے اور مخالفین دونوں آج تک انہیں یاد کرکرکے لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں۔ چاہنے والے رورو کر اور مخالفین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ بانی متحدہ کو یاد کیا جائے یا نہیں، اس سے اب کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے پاکستان دشمن نعرہ لگا کر سیاست کے میدان میں ایسی خودکشی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان و عہدیداران کے ایک اجلاس سے بات چیت کے دوران کہیں۔ اس موقعے پر سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی، نائب صدر راجہ اظہر ، سبحان علی ساحل، سربلند خان اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ نائلہ منیر او رمحمد حسین ایوان میں بھیجنے پر بانی متحدہ کے شکر گزار ہیں اور اس شکر گزاری میں وہ ان کی وطن دشمنی بھول گئے۔ میری ایسے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، وزیروں اور سیاسی رہنمائوں سے درخواست ہے کہ براہِ کرم اپنے غلامانہ جذبات اپنے دلوں تک محدود رکھیں۔ عوام سے اس شخص کے شکر گزار بن کر ملیں گے جوپاکستان دشمنی اور مہاجر دشمنی کی مثال تھا توپاکستان بالخصوص کراچی میں آپ کے محفوظ مستقبل کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

ایسے لوگوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں جو آج تک بانی متحدہ کے دامن سے چمٹ کر بیٹھے ہیں اور سوچتے ہیں کہ عوام اس کے وطن دشمن نعرے کو بھول جائیں گے۔ میں ان کے اس بیان پر حیران ہوں۔ سیاسی رہنما ہوتے ہوئے بھی آپ کنویں کے مینڈک کی طرح سوچیں گے تو ترقی کیسے کریں گے۔ پاکستان آج پاک افواج ،عدلیہ اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان جیسے محب وطن سیاسی لیڈروں کے زیر سایہ متحد ہوچکا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف بانی متحدہ کے شکر گزاروں سے اپیل کرتی ہے کہ لوگوں کے جذبات سے کھیلنا بند کردیں۔ ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات