Live Updates

پنجاب میں الیکٹیبلز کی عدم شمولیت پر پیپلز پارٹی پریشان، پلان بی تیار کر لیا

انتخابات میں مضبوط آزاد امیدواروں کی حمایت کی جائے گی، کئی امیدوار انتخابات کے بعد شمولیت پر آمادہ بھی ہوگئے، پیپلزپارٹی کا دعوی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 مئی 2018 19:23

پنجاب میں الیکٹیبلز کی عدم شمولیت پر پیپلز پارٹی پریشان، پلان بی تیار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) پنجاب میں الیکٹیبلز کی عدم شمولیت پر پریشان پیپلز پارٹی نے پلان بی تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں انتخابی محاذ کیلئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے آزاد امیدواروں پر نظریں جما لی ہیں۔ پیپلزپارٹی کا دعوی ہے کہ پنجاب کے کئی آزاد امیدوار انتخابات کے بعد پی پی میں شمولیت پر آمادہ بھی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔ سندھ کے بعد خیبرپختونخواہ میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہے تاہم پنجاب میں کوئی بڑی کامیابی نہیں مل سکی۔ اس تمام صورتحال میں سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری نے پلان بی پر عملدرآمد پر غور شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلان بی کے تحت پنجاب میں پیپلزپارٹی عام انتخابات میں مضبوط آزاد امیدواروں کی حمایت کر سکتی ہے۔

پنجاب میں عوامی سطح پر پارٹی کی عدم مقبولیت آزاد امیدواروں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ کئی آزاد امیدوار انتخابات کے بعد پی پی میں شمولیت پر آمادہ ہوگئے ہیں اور پی پی قیادت نے بھی رابطے بڑھا دئیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری جلد آزاد امیدواران سے ملاقاتیں کرکے ان کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ پر بات کریں گے۔ جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مقابلے میں تحریک انصاف اب بھی آزاد امیدواروں اور دیگر جماعتوں کے الیکٹیبلز کیلئے پنجاب میں سب سے پسندیدہ جماعت ہے۔

ایسی صورتحال میں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں زیادہ کامیابی حاصل ہونے کی امید نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں پیپلز پارٹی کو دوبارہ مضبوط بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اب تک انہیں اپنی کوششوں کا کوئی خاص اچھا نتیجہ نہیں ملا۔ بلکہ ان تمام تر کوششوں کے باوجود پنجاب میں پیپلز پارٹی کے دیرینہ رہنما اور جیالے بھی اب پارٹی کو خیر آباد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات