امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر ردعمل

نواز شریف کا بیان پاکستان کیلئے فیصلہ کن موڑ ہے، اب اسلام آباد کو فیصلے کرنا ہوں گے: امریکی محکمہ دفاع

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 مئی 2018 19:49

امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایک متنازعہ بیان دیا گیا تھا۔ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران نواز شریف نے ممبئی حملوں کا الزام پاکستان پر ہی دھر دیا تھا۔ اب امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیا گیا ہے۔

امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا بیان پاکستان کیلئے فیصلہ کن موڑ ہے جبکہ اب اسلام آباد کو فیصلے کرنا ہوں گے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون چیف کی ترجمان ڈانا ڈبلیو وائٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ہی وقت میں دہشت گردی سے متاثرہ ملک اور اس کا اسپانسر ہے جو علاقائی سیکیورٹی کے لیے بہت کچھ کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈانا ڈبلیو وائٹ نے یہ بات میڈیا بریفنگ کے دوران افغانستان کی جانب سے پاکستان پر ملک میں حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ علاقائی سیکیورٹی سے متعلق پاکستان یقیناً مزید بہت کچھ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان یقیناً بہت کچھ کرسکتا ہے۔ ہم دونوں ممالک کی جانب دیکھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان ہماری مدد کریں گے کیونکہ دونوں دہشت گردی سے متاثرہ ممالک ہیں اور دونوں نے دہشت گردی کو فروغ بھی دیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کی ترجمان نے مزید کہا کہ اس لیے ہم پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ خطے کی سیکیورٹی کے لیے مزید مواقع پیدا کرے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے غیر ریاستی عناصر کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے حوالے سے امریکی محکمہ دفاع کی ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیان پاکستان کیلئے فیصلہ کن موڑ ہے۔ اب پاکستان کو فیصلے کرنے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ خطے کی حفاظت میں ہمارا پارٹنر ہوگا ۔