ڈسٹرکٹ بار کی بھارتی سیکیورٹی فورسز کی سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر سول آبادیوں پر فائرنگ کی مذمت

ہفتہ مئی 20:04

سیالکوٹ۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سہیل اقبال ہرڑ نے کہا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کی سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کے چارواہ ،ہرپال ،چپراڑ سیکٹر ز کی سول آبادیوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سویلین آبادیوں کو نشانہ بنا کرایک ہی خاندان کے چار افرا د سمیت 6 شہریوں کو شہید اور 22 سے زائدشہریوں کو شدید زخمی کیا۔

سیالکوٹ ورکنگ باونڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت اورشہریوں کی شہادت کا عالمی برادری اور اقوام متحدہ سخت نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سہیل اقبال ہڑ نے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر چوہدری امتیاز قدیر ،جوائنٹ سیکرٹری شیراز اسلم چوہدری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری سہیل اقبال ہرڑ نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا،پاکستانی قوم بہادر قوم ہے پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔

نائب صد چوہدری امتیاز قدیر اور جوائنٹ سیکرٹری شیراز اسلم چوہدری نے کہا کہ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بار بار سیز فائز کی خلاف ورزی سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔