اقوام متحدہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری کا نوٹس لے، بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب ہو گیا ،حامدرضا

قوم کرپٹ مافیا کے گارڈ فادر کو مظلوم نہیں ظالم سمجھتی ہے،ن لیگ در بدر لیگ بن چکی رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں، افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 19 مئی 2018 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری کا نوٹس لے۔ بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہے۔ پاک فوج کے خلاف واویلا کرنے والا نواز شریف بھارتی گولہ باری سے معصوم پاکستانیوں کی شہادتوں پر کیوں خاموش ہے۔

پاکستانی قوم مودی اور مودی کے یاروں کو سبق سکھانے کے لئے تیار ہے۔ نواز شریف باغی اور مظلوم بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ قوم کرپٹ مافیا کے گارڈ فادر کو مظلوم نہیں ظالم سمجھتی ہے۔ ن لیگ در بدر لیگ بن چکی ہے۔ رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نابینا افراد کے مطالبات پر غور نہ کر کے بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔ عالمی برادری ہندو دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمن آباد میں راؤ حسیب احمد کی رہائش گاہ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنی پارٹی اور ملک و قوم کے لئے بوجھ بن چکے ہیں۔

سابق نااہل وزیراعظم فوج، عدلیہ اور فوج کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے۔ نواز شریف ن لیگ اور ملک کے لئے پورس کا ہاتھی ثابت ہوا ہے۔ قوم کرپٹ مافیا کے گارڈ فادر کو مظلوم نہیں ظالم سمجھتی ہے۔ ن لیگ کا تاحیات رہبر اپنے منفی بیانئے کے ذریعے ملکی سلامتی داؤ پر لگا رہا ہے۔ کرنل سہیل عابد شہید جیسے سپوتوں کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن بحال ہوا ہے۔ پاک فوج ملکی سلامتی کے جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے اور نواز شریف غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے۔ پاکستانی قوم اور پاک فوج کا رشتہ کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ قوم اپنے اتحاد کے ذریعے پاک فوج کے خلاف ہونے والی ہر عالمی سازش ناکام بنائے گی۔