حکومت پنجاب رمضان المبارک میں عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے سبسڈی دے رہی ہے، میئرساہیوال

ہفتہ 19 مئی 2018 21:06

ساہیوال۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) میئرساہیوال اسد علی بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان میں ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے دیارغیرمیں پاکستانیز کوسیاست میں دیکھ کر سرفخر سے بلند ہوا ہے وہ نہ صرف بیرون ممالک میں زرمبادلہ کماکرپاکستان بھیج ملک کی ترقی دیکھناچاہتے ہیں بلکہ وہ دیارغیرمیں سیاست میں حصہ لیکر پاکستان کانام بھی روشن کررہے ہیں ۔

وہ دورہ لندن سے واپسی پراخبارنویسوں سے گفتگوکررہے تھے۔ اس موقع پر متعددچیئرمین یونین کونسلز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لندن میں مختلف سماجی وسیاسی شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کیں اورمیئر راچڈیل کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں شیلڈ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب رمضان المبارک میں عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے سبسڈی دے رہی ہے۔ خصوصی طورپر آٹااورچینی سستے داموں فروخت کی جارہی ہے جبکہ سستے رمضان بازاروں میں غریب اور عام افراد کوسستے داموں معیاری اشیاء فراہم کرکے انہیں ریلیف دیاجارہاہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔