رمضان المبارک میں صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی گئی ہے، اکبر درانی

سحری ، افطار اور نماز تروایح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی،صارفین کو بجلی کی فراہمی سمیت دیگر درپیش مسائل کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہیں،سپرٹنڈنٹ انجینئر سیپکو سکھر

ہفتہ مئی 21:09

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) سپرٹنڈنٹ انجینئر سیپکو سکھر اکبر درانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی گئی ہے، سحری ، افطار اور نماز تروایح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی،صارفین کے ادا کردہ بلوں سے ہی ہم تنخواہ وصول کرتے ہیں، صارفین کو بجلی کی فراہمی سمیت دیگر درپیش مسائل کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہیں، کسی بھی صارف سے ناجائزی برداشت نہیں کی جائے گی، اگر کسی صارف کو ناجائز ڈیڈیکشن عائد کی گئی ہے تو اسے فوری طور پر درست کر کے دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر، سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں اپنے دفتر میں سکھر اسمال ٹریڈرز اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے رہنمائوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمرشل منیجر اسداللہ مغل بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران حاجی محمد جاوید میمن و دیگر نے ایس ای کو سیپکو کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اور شہری باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں اور اس کے باوجود ان پر ناجائز ڈیڈیکشن عائد کر کے تنگ و پریشان کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ناکارہ ٹرانسفارمر کی مرمت و درستگی کیلئے صارفین سیپکودفاتر کے چکر چکر لگا کر تھک چکے ہیں، اس کے باوجود کوئی بھی سنوائی نہیں ہو رہی، جبکہ رمضان المبارک کے دوران سیپکو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ جوکہ 3سی5 بجے تک کی جا رہی ہے اس دوران روزہ داروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کو فوری طور پر ختم کر کے شہریوں کو اس مقدس مہینے میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور ناجائز ڈیڈیکشن عائد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

اس موقع پر سپرٹنڈنٹ انجینئر اکبر درانی نے دوپہر 3سے 5 تک کے بجلی کے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو کم کر صرف ایک گھنٹہ 3سے 4 بجے تک کرنے کے احکامات صادر فرماتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام صارفین کو بلاجواز تنگ و پریشان کرنا نہیں، ہم عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بیٹھے ہیں جو ہماری ذمہ داری ہے، اگر کسی بھی اہلکار نے صارفین کو بلاجواز تنگ و پریشان کیا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جن صارفین کو ڈیڈیکشن عائد کی گئی ہے، ان کی ایم این ٹی سے چیکنگ کرانے کے بعد انہیں فوری طور پر درست کر کے دیا جائے گا،اس موقع پر انہوں نے امان اللہ چوک نیوپنڈ سمیت دیگرعلاقوں میں جو ٹرانسفارمر ناکارہ ہیں کی فوری درستگی کر کے ٹرانسفارمر تنصیب کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔

#