ٹھٹھہ،روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کی وین ڈرائیور سے بھتہ وصولی کے خلاف ڈرائیورز کا احتجاج

ہفتہ 19 مئی 2018 21:09

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کی وین ڈرائیور سے بھتہ وصولی کے خلاف ڈرائیورز کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ تا حیدرآباد وین سروس کے ڈرائیورز سے روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کی مبینہ بھتہ وصولی کے خلاف درجنوں ڈرائیورز نے ٹھٹھہ پریس کلب کے سامنے گاڑیاں کھڑی کرکے قومی شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، مظاہرین نے ڈرائیورز سے بھتہ خوری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرے شامل محبوب، معشوق، تارا، غلام قادر، نبی بخش و دیگر ڈرائیورز نے بتایا کہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکار ٹھٹھہ سے حیدرآباد جانے والی مسافر ویگنوں کو جھرک کے قریب روک کر ڈرائیورز سے دو ہزار روپے فی گاڑی بھتہ وصول کر رہے ہیں اور نہ دینے پر مختلف ہتکھنڈوں سے ڈرائیورز کو ہراساں کیا جاتا ہے، انہوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈرائیورز سے بھتہ وصولی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔#