فرانسیسی دودھ محفوظ اور پروسسینگ کرنیوالی کمپنی کا پاکستان میں بھی اعلی ترین معیار کا کولنگ سسٹم متعارف کرانے میں گہری دلچسپی کا اظہا ر

ہفتہ 19 مئی 2018 21:12

فرانسیسی  دودھ  محفوظ اور پروسسینگ کرنیوالی کمپنی کا پاکستان میں بھی ..
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) فرانس کی دودھ کو محفوظ اور پروسسینگ کرنے والی نامور کمپنی ایس ای آر اے پی پاکستان میں بھی دودھ کو محفوظ کرنے کیلئے اعلی ترین معیار کے کولنگ سسٹم کو پاکستان میں متعارف کرانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ اس دلچسپی کا اظہار گزشتہ روز ایس ای آر اے پی کے چیف ایگز یکٹو اور صدر ایرک بوتین نے کمپنی کے ہیڈ کوارٹر گورون میں سفیر پاکستان معین الحق کے دورے کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

ایرک بوتین نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان دودھ اور دودھ کی مصنوعات کو جدید طریقے سے محفوظ کرنے اور اسے ٹھنڈا رکھنے کے جدید ترین نظام کو متعارت کروانے کی خواہش مند ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں دودھ کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی نیسلے کو اپنے جدید ترین سٹین لیس سٹیل کے ٹینکر فراہم کر چکی ہے اور اب ان کی کمپنی پاکستان میں دودھ کو محفوظ بنانے والی متعدد یگر کمپنیوں کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

بعد میں سفیر پاکستان نے سیرپ کی کمپنی کی طرف سے پاکستان میں دودھ کو محفوظ بنانے کی سہولت میں دلچسپی رکھنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے اور اب پاکستان دودھ کی صنعت کو مزید ترقی دینے اور اس میں اضافہ کرنے کیلئے جدید ترین منصوبوں سے استفادہ کرنے کی خواہش رکھتا ہے تا کہ نا صرف دودھ اور پھلوں کے نقصان کو کم کیا جا سکے بلکہ ان کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔

سفیر پاکستان نے سیرپ کمپنی کو پاکستان میں دودھ اور پھلوں کو محفوظ بنانے کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی۔ سفیر پاکستان نے سیرپ کی دودھ اور پھلوں کو محفوظ رکھنے والی مصنوعات بنانے والے کارخانے کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر کام کرنے والے ماہرین کی اعلی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مصنوعات جن میں دودھ اور پھلوں کو ٹھنڈا کرنے والا نظام، دودھ کو ٹھنڈا اور گرم کرنے والے ٹینکر اور حرارت کو محفوظ کرنے والے سسٹمز کے اعلی معیار کی تعریف کی۔

انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا سیرپ کی طرف سے بنائے جانے والے پھلوں اور دودھ کو محفوظ رکھنے والے کم قیمت اور معیاری سسٹم پاکستان کے انفرادی اور درمیانی درجہ کے کسانوں کیلئے انتہائی مناسب ثابت ہو سکتے ہیں تاکہ ان کسانوں کی طرف سے فراہم کیئے جانے والے دودھ اور پھلوں کی مصنوعات کو کم عرصے میں خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔

پیرس سے 400 کلومیٹر کی دوری پر واقع شہر گورون میں سیرپ کا مرکزی دفتر فرانس میں دودھ کی مصنوعات بنانے والا سب سے بڑا علاقہ ہے۔ سیرپ میں 500 سے زیادہ ماہرین چار پیداواری یونٹوں جو کہ فرانس، انڈیا، میکسیکو اور برازیل میں کام کر رہے ہیں۔ سیرپ اس کے علاوہ دنیا کے 80 ممالک میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دودھ اور پھلوں کو لمبے عرصے کیلئے محفوظ بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔