Live Updates

حکومت نے فاٹااصلاحات بل پرسیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کردی

اجلاس تیاری کیلئے بلایا گیاتھاجبکہ پارلیمانی جماعتوں کااجلاس پیر کی سہہ پہرہوگا، بیرسٹرظفراللہ

ہفتہ 19 مئی 2018 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) حکومت نے فاٹااصلاحات بل پرسیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کردی ، پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی مشاورتی اجلاس کی صدارت مشیرقانون بیرسٹرظفراللہ خان نے کی جس کے بارے میں ان کاکہناتھا کہ اجلاس تیاری کیلئے بلایا گیاتھاجبکہ پارلیمانی جماعتوں کااجلاس پیر کی سہہ پہرہوگا۔باخبرذرائع کے مطابق حکومت کی خواہش ہے کہ آئینی مدت پوری ہونے سے پہلے فاٹااصلاحات بل کی منظوری قومی اسمبلی اور سینیٹ سے لے لی جائے۔

اس سلسلے میں سرکاری چھٹی کے باوجودپارلیمانی رہنماں کامشاورتی اجلاس پارلیمنٹ ہاس میں وزیراعظم کے مشیربرائے قانون بیرسٹرظفراللہ کی زیرصدارت ہوا۔جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی شیری رحمان، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپا، فاٹا رکن جی جی جمال اورپاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فاٹااصلاحات بل کے خدوخال اور متن پرمشاورت کی گئی۔ ابتدائی اجلاس میں مشیرقانون نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کوفاٹااصلاحات بل پربریفنگ بھی دی۔اجلاس کے بعدبیرسٹرظفراللہ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کواعتمادمیں لیاگیا۔ اجلاس میں جونکات سامنے لائے گئے ہیں ان پرسیاسی جماعتوں کے نمائندے اپنی قیادت سے مشاورت کریں گے۔انہوں نے بتایاپیر کوفاٹا اصلاحات کے حوالے سے پارلیمانی جماعتوں کااجلاس اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت ہوگا، جس میں بل پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات