Live Updates

نواز شریف 30 مئی کو نواب شاہ اور 8 جون کو کراچی میں دعوت افطار و ڈنر کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرینگے ، مریم نواز بھی ا ن کے ہمراہ ہونگی ،

دنیا کی کوئی طاقت (ن) لیگ کو حکومت بنانے سے نہیں روک سکتی ، سندھ میں جو بھی حکومت بنائے گا اسے نون لیگ کی حمایت حاصل کرنا ہو گی گورنر سندھ زبیر عمر ، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد اور دیگر کا افطار ڈنر سے خطاب

ہفتہ 19 مئی 2018 21:54

نواز شریف 30 مئی کو نواب شاہ اور 8 جون کو کراچی میں دعوت افطار و ڈنر کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 30 مئی کو نواب شاہ اور 8 جون کو کراچی میں دعوت افطار و ڈنر کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرینگے ۔ ان کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی سندھ کے دورے پر آئیں گی ۔ دنیا کی کوئی طاقت (ن) لیگ کو حکومت بنانے سے نہیں روک سکتی ۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں جو بھی حکومت بنائے گا اسے نون لیگ کی حمایت حاصل کرنا ہو گی ۔ وائے ایم سی اے گرائونڈ میں ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیاء ایڈووکیٹ کی جانب سے کارکنان کے اعزاز میں دیئے گئے افطار و ڈنر سے گورنر سندھ محمد زبیر عمر ، پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ اور میزبان سلیم ضیاء نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع محمد جاموٹ ، طارق چوہدری ، غلام مصطفی، علی اکبر گجر ، پروین بشیر ، کھیل داس کوہستانی ، خالد شیخ ، مہیش تلوجہ ، قمر زمان راجپوت ، شاہ زمان ، رانا احسان و دیگر بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ کارکنوں کو پیچھے ہٹنے کی ضرورت نہیں ۔ بلا خوف و خطر حالات جیسے بھی ہوں آگے بڑھنا ہو گا اور نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہو گا ۔

آج کا کراچی 2013 سے مختلف ہے ۔ 2013 سے پہلے پورے ملک میں بم دھماکے ہو رہے تھے ۔ آج لیاری جیسے علاقے میں رات دو بجے لوگ با سانی گھوم پھر سکتے ہیں ۔ 2018 کے بعد ماحول اور بہتر ہو گا ۔ رانا مشہود نے کہا کہ سندھ میں بہت سے دوستوں سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں ۔ سب کی کاوشوں سے بہت جلد بڑے بڑے نام مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جدوجہد کو سب جانتے ہیں ۔

ترقی کے عمل کو کوئی نہیں روک سکے گا ۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں لوٹ مار کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے بدلہ لینا چاہتے ہیں جو ووٹ کے ذریعے ممکن ہو سکے گا ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ذاتی اختلاف کو بھلا کر پارٹی کو اوپر کی سطح پر پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وژن کے مطابق کراچی میں چھ ماہ کے اندر اندر کچرا بھی اٹھائیں گے اور دو سال میں کراچی والوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرینگے ۔

سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ جو لوگ پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات 2018 میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ 25 مئی تک اپنی درخواستیں جمع کرا دیں ۔ انتخابات کے لئے وفاقی اور سندھ کا پارلیمانی امور عمل میں آچکا ہے کراچی سے کشمور تک ہر نشست پر انتخابات میں حصہ لینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سیاست ختم ہو چکی ہے آج بے نظیر کے سیاسی وارث عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

سلیم ضیاء نے کہا کہ الیکشن سر پر کھڑے ہیں ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی کو انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دینگے ۔ یہ عوام کا حق ہے کہ وہ جسے چاہیے منتخب کر ے ۔ کراچی میں ایم کیو ایم اور سندھ میں پیپلزپارٹی کو لوگ بار بار آزما چکے ہیں ۔ موجودہ صورتحال میں لازم ہو چکا ہے کہ ہمیں بھی خدمت کا موقع دیا جائے۔ شہباز شریف کی سوچ کے مطابق کراچی میں پیرس تو نہیں لاہور جیسا ضرور بنائیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات