چین کا غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر شدید اظہار تشویش

چین اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں فلسطین،اسرائیل امن مذاکرات کی جلد بحالی کی حمایت کرتا ہے، ان کے ذریعے یروشلم کی حیثیت کا حتمی تعین اور حل چاہتا ہے، اقوام متحدہ میں چینی مشن کے سربراہ یو جیان ہوا

ہفتہ 19 مئی 2018 21:56

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) چین نے غزہ کی پٹی میں معصوم فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں فلسطین،اسرائیل امن مذاکرات کی جلد بحالی کی حمایت کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے یروشلم کی حیثیت کا حتمی تعین اور حل چاہتا ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ میں چینی مشن کے سربراہ یو جیان ہوا نے کہا کہ چین کو غزہ کی پٹی میں متعدد ہلاکتوں پر شدید تشویش لاحق ہے۔

انہوں نے فریقین بالخصوص اسرائیل پر زور دیا کہ کشیدگی میں مزید اضافے سے بچنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں۔ چینی مندوب نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین غیر امتیازی طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے اور متعلقہ فریقین پر زور دیتا ہے کہ عام شہریوں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں فی الفور بند کی جائیں۔

(جاری ہے)

یو نے مزید کہا کہ چین اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں فلسطین۔اسرائیل امن مذاکرات کی جلد بحالی کی حمایت کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے یروشلم کی حیثیت کا حتمی تعین اور حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے فلسطینیوں کے جائز حقوق کی ہمیشہ حمایت کی ہے ۔چین فلسطین کے مسئلے پر عالمی برادری کے متعلقہ فریقین کے ساتھ روابط برقرار رکھنے اور جلد از جلد ایک جامع ، شفاف اور دیر پا حل کے لیے مشترکہ اقدامات کا خواہاں ہے۔