اسپین چین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں

چین بیرونی دنیا کیلئے اپنے دروازے مزید کھول رہا ہے، دونوں ممالک کو مختلف شعبہ جات میں تعاون کے حوالے سے ایک روشن مستقبل کو مد نظر رکھنا چاہیے، چینی وزیر خارجہ

ہفتہ 19 مئی 2018 21:56

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) اسپین کے وزیر اعظم ماریانو روجوئے نے کہا ہے کہ اسپین چین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے جبکہ چینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین بیرونی دنیا کے لیے اپنے دروازے مزید کھول رہا ہے، دونوں ممالک کو مختلف شعبہ جات میں تعاون کے حوالے سے ایک روشن مستقبل کو مد نظر رکھنا چاہیے۔

چائنہ ریڈیو انترنیشنل کے مطابق چین کے ریاستی کونسلراور وزیر خارجہ وانگ ای اور اسپین کے وزیر اعظم ماریانو روجوئے کے درمیان میڈرڈ میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر ماریانو روجوئے نے کہا کہ اسپین اور چین کے درمیان مزید اعلی سطح کے دورے ہونے چاہیے جبکہ تجارت ، سیاحت ، ثقافت اور کھیل کے شعبہ جات میں تعاون کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

رواں برس چین اور اسپین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پینتالیسویں سالہ تقریبات منائی جا رہی ہیں جبکہ فریقین کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کو بھی تیرہ برس ہو چکے ہیں۔

روجوئے نے اس حوالے سے کہا کہ اسپین۔چین تعلقات ٹھوس ترقی کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ہسپانوی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں اور گزشتہ برس بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں ان کی شرکت انتہائی متاثر کن تھی۔اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ کہ چین اسپین کی جانب سے دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی حمایت کو سراہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی اپنی قومی ترقیاتی حکمت عملیوں کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا چاہیے اور تعاون کے نئے امکانات کی جستجو کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں وسیع تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ وانگ نے مزید کہا کہ چین بیرونی دنیا کے لیے اپنے دروازے مزید کھول رہا ہے اور دونوں ممالک کو مختلف شعبہ جات میں تعاون کے حوالے سے ایک روشن مستقبل کو مد نظر رکھنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :