پاکستان کی حکومت ایران اور شمالی کوریا کیطرح ٹرمپ کو منہ توڑ جواب دے‘ امریکہ کی دھمکیاں گیدڑ بھبکیاں ہیں‘

امریکہ کو جو ملک دندان شکن جواب دیتا ہے تو وہ پیچھے ہٹ جاتا ہے جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری آصف یعقوب کی بات چیت

ہفتہ 19 مئی 2018 22:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری آصف یعقوب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ایران اور شمالی کوریا کیطرح ٹرمپ کو منہ توڑ جواب دے، امریکہ کی دھمکیاں گیدڑ بھبکیاں ہیں، امریکہ کو جو ملک دندان شکن جواب دیتا ہے تو وہ پیچھے ہٹ جاتا ہے، اور جہاں کوئی خاموشی اختیار کرلے تو امریکہ سمجھتا ہے کہ یہ ڈر گیا، پاکستان ایٹمی قوت ہے، پاکستان ایک اسلامی جمہوری ملک ہے، پاکستان کے پاس اللہ کی بیشمار نعمتیں ہیں ہمیں کسی ملک کی بھیک نہیں چاہیے، دنیا میں سر اٹھا کر جینا چاہتے ہیں، پاکستان کی آرمی کو ہم سلام پیش کرتے ہیں جو ملک دشمن قوتوں کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرتی ہیں گزشتہ روز میڈیا سیخصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہے اور حکمران جماعت اپوزیشن کی باتیں کیوں کررہی ہی پاکستان میں چار سالوں تک وزیر خارجہ کیوں نہیں بنایا گیا جو ملک کے لیے خارجہ پالیسی بناتا اس وقت ایک وزیر خزانہ بیرون ملک جاکر بیماری کا بہانہ لگا کر بیٹھ گیا ہے کیوں کہ اس نے ملکی معیشت تباہ کردی تھی، اب راتوں رات کن مقاصد کے لیے ایک وزیر خزانہ عوام پر مسلط کیاگیا پاکستان ایٹمی طاقت ہے، پاکستان اسلامی قوت ہے، پاکستان کو خالق کائنات نے بیشمار نعمتوں سے نواز رکھا ہے، تو پھر حکومت پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب کیوں نہیں دیتی امریکی صدر دھمکیوں کے ذریعے پاکستان کو ڈرانا چاہتا ہے لیکن اس کو یہ پتہ نہیں پاکستانی عوام اور مسلح افواج اس کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، ہم پاکستانی افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جو ملک دشمن قوتوں کو دندان شکن جواب دے رہی ہیں۔