بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ مقبوضہ کشمیر‘ آر پار کشمیری عوام سراپا احتجاج بن گئے

مقبوضہ جموں کشمیر کی متحدہ حریت قیادت کی کال پر مظفرآباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ اور ریلی‘ سینکڑوں افراد کی شرکت

ہفتہ 19 مئی 2018 22:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ مقبوضہ جموں کشمیر، آر پار کشمیری عوام سراپا احتجاج بن گئے، مقبوضہ جموں کشمیر کی متحدہ حریت قیادت کی کال پر آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ اور ریلی، سینکڑوں افراد کی شرکت، بھارت، نریندرمودی مخالف اور آزادی کے حق میں شدیدنعرے بازی، قاتل قاتل نریندر مودی قاتل کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی، بھارتی جبری حاکمیت کیخلا ف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کی مقبوضہ جموں کشمیر آمد کے موقع پر ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں سیاہ غبارے فضاء میں چھوڑکر نریندر مودی سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔ نریندرمودی کی مقبوضہ جموں کشمیر آمد کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھ بے گناہ انسانوں کے خون سے رنگین ہیں جس نے ہندوستان سمیت مقبوضہ جموں کشمیر میں قتل وغارت گری کے عالمی ریکارڈ بنا رکھے ہیں۔

اقوام عالم بھارتی انتہا پسند ہندو حکمرانوں کے ناپاک عزائم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ شہید برہان مظفر وانی چوک میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما شوکت جاوید میر، تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین عبدالعزیز علوی، سابق چیئرمین ایم ڈی اے زاہد امین، کمانڈر محمد اعظم، کشمیر لبریشن سیل کے راجہ سجاد لطیف، تاجر رہنما عبدالرزاق خان، عثمان علی اعوان، ودیگر کا احتجاجی مظاہرین سے خطاب بھارتی وزیراعظم مخالف احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر چیئرمین ایم ڈی اے ملک ایاز، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعظم رسول سمیت سیاسی، سماجی، وکلاء برادری، علمائے کرام، تاجر کمیونٹی اور خواتین سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

شرکاء نے بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے لگائے، قاتل قاتل نریندرمودی کے نعروں سے فضا گونج رہی تھی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی، عزیراحمد غزالی، مشتاق الاسلام، شوکت جاوید میر سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس کوئی قانونی، اخلاقی جواز نہجں کے وہ سات لاکھ مسلح افواج کے پہرے میں متنازعہ ریاست کا دورہ کرے، نریندر مودی نے ہندوستان میں اقلیتوں پر بے پناہ مظالم ڈھا رکھے ہیں اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھی جبری قبضہ سمیت نہتے مظلوم کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے،بھارتی فوج نے آزادی مانگنے کی پاداش میں انسانیت سوز مظالم کی تاریخ رقم کررکھی ہے،بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کا دورہ مقبوضہ جموں کشمیر مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جونکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عالمی دہشتگرد ہے جس نے ہندوستان اور مقبوضہ جموں کشمیر میں مظالم کے نئے نئے ریکارڈ بنا رکھے ہیں۔عالمی برادری کو اس دہشتگرد کیخلاف اقدامات اٹھانے چاہئیں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام گزشتہ 70 برسوں سے تحریک آزادی کی تکمیل کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں مظلوم کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق سے محروم کرنے کیلئے ہندوستانی مکار حکمران ان پر ظلم ڈھا رہے ہیں۔

8 لاکھ سے زائد بھارتی فوج مقبوضہ جموں کشمیر کے چپے چپے پر خونی کھیل کھیلنے میں مصروف ہے جس کا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے کیلئے اپنا کردار اد ا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے برہان مظفر وانی چوک سے گھڑی پن تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں شدید احتجاج کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر سے بھارتی فورسز کے مکمل انخلاء کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوائے تاکہ خطہ میں امن قائم ہو سکے۔