معروف سرکاری چینی کمپنی چائنہ ریلوے بیوروکا مردان میں کوڑا کرکٹ سے توانائی بنانے کا منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ

مفاہمتی یادشت پر دستخط ، صوبائی حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے صوبے میں سازگار ماحول فراہم کیا ،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا فضلے سے توانائی بنانے کا منصوبہ توانائی کے فروغ اور شہر میں صفائی کا محرک بھی بنے گا،پرویزخٹک

ہفتہ مئی 22:42

معروف سرکاری چینی کمپنی چائنہ ریلوے بیوروکا مردان میں کوڑا کرکٹ سے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) معروف سرکاری چینی کمپنی چائنہ ریلوے بیورو17thگروپ کو لیمیٹڈ نے خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں کوڑا کرکٹ سے توانائی بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس ضمن میں صوبائی حکومت کے ساتھ باقاعدہ مفاہمتی یادشت پر دستخط ہو گئے ہیں ،مذکورہ کمپنی کا شمار پوری دنیا کی مشہور کمپنیوں میں ہوتا ہے ۔

مذکورہ کمپنی مردان میں فضلے سے بجلی پیدا کرنے کیلئے پلانٹ کی تنصیب کرے گی جس سے تقریباً 12میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی ۔مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، صوبائی وزیرتعلیم و توانائی محمد عاطف کے علاوہ کمپنی کے نمائندے، خیبر پختونخوابورڈ آف انوسٹمنٹ ایڈ ٹریڈ کے دیگر حکام اورایم پی اے مردان افتخار مشوانی، تحصیل ناظم مردان ایوب خان، چیئرمین بی او ڈی ، ڈبلیو ایس ایس سی ایم فائق شاہ، بی او آئی ٹی کے وائس چیئرمین فیصل کریم اور متعلقہ افسران موجود تھے ، مفاہمتی یاداشت پر واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناصر غفور خان اور کمپنی کے نمائندے نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے صوبے میں ایک سازگار ماحول فراہم کیا ہے اور ہماری بہترین حکمت عملی کی وجہ سے پوری دنیا کی کمپنیاں یہاں پر سرمایہ کاری کیلئے راغب ہورہی ہیں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ مردان میں فضلے سے توانائی بنانے کیلئے مذکورہ منصوبے سے توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی اور دوسری طرف صفائی کا بھی محرک بنے گا۔