متحدہ مجلس عمل پشاور کی تنظیم نو مکمل، صابر حسین اعوانضلعی صدر منتخب

ایم ایم اے کی بحالی سیکولر قوتوں کی بے حالی ہے، عبدالواسع

ہفتہ 19 مئی 2018 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع پشاور کی تنظیم نو مکمل کرلی گئی، اس سلسلے میں صوبائی ذمہ داران کی نگرانی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا، انتخابی عمل کی نگرانی متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع، سینئر نائب صدر حاجی محمد فیاض ، نائب صدر فضل الرحمن مدنی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اخوانشادہ مظفر علی اور مولانا رفیع اللہ قاسمی نے کی۔

اجلاس میں متحدہ مجلس عمل میں شامل پشاور کی تمام جماعتوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان متحدہ مجلس عمل ضلع پشاور کا صدر منتخب ہوئے جبکہ ان کے ساتھ جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد عاصم سمیع ضلعی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا سعید جان سینئر نائب صدر، اسلامی تحریک کے اقتدار علی مظہر، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ڈاکٹر ذاکر شاہ اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا عقل وزیر چشتی نائب صدور، اسلامی تحریک کے سید یوسف علی شاہ،جماعت اسلامی کے عتیق الرحمن اور جمعیت علماء پاکستان کے مولانا عبدالرب ڈپٹی سیکرٹری جنرلز، جماعت اسلامی حاجی ہدایت اللہ سیکرٹری مالیات اور جمعیت علماء اسلام کے مولانا حسین احمد مدنی ایڈووکیٹ پریس سیکرٹری منتخب ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سیکولر قوتوں کی بے حالی ہے، سیکولر جماعتیں ایم ایم اے کی عوامی مقبولیت سے خائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتیں ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، دینی جماعتوں کو اسلام نہیں اسلام آباد کے لئے اکھٹے ہونے کا طعنہ دیا جاتا ہے، ملک کو گندگی سے پاک کرنے کے لئے اسلام آباد کی گندگی صاف کرنی ضروری ہے۔

دینی جماعتیں ملک کے بہتر مستقبل کے لئے اسلام آباد پر قبضہ چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کی قیادت صاف و شفاف اور ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ لندن اور پانامہ لیکس میں کسی ایک بھی دینی جماعت کے رہنما کا نام شامل نہیں۔ انشاء اللہ اقتدار میں آکر ملک کو کرپشن سے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ایم ایم اے کی فتح یقینی ہے، خیبر پختونخوا میں ایم ایم اے کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے اور صوبے میں دینی جماعتوں کی حکومت بنے گی۔ اجلاس سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔