کوہاٹ پولیس این ایکشن‘ سماج دشمن عناصرکیخلاف کاروائیوں میں 4اشتہاریوں سمیت 48مشتبہ افرادگرفتار

ہفتہ 19 مئی 2018 22:46

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) کوہاٹ میں سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کاروائیوں میں 4مطلوب اشتہاریوں سمیت 48مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ رمضان المبارک کے دوران امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں تلاشی آپریشن کے دوران زیر حراست افراد سے اسلحہ ومنشیات بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر قومی ایکشن پلان کے تحت حکومتی رٹ برقرار رکھنے اورقانون کی عملداری یقینی بنانے کے حوالے سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف شہر کے چپے چپے میںنتیجہ خیز سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔آپریشن کے اس تسلسل میں پولیس کی بھاری نفری نے ایس پی آپریشنز جمیل اختر کی زیر نگرانی ضلع کوہاٹ کے چاروں سرکل کے مختلف علاقوں میں مطلوب اشتہاری مجرموں اور جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں بھر پور کاروائیوں کے دوران قتل واقدام قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث 4خطرناک اشتہاریوں سمیت 48مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر تین کلاشنکوف،دو رائفل،تین بندوق،آٹھ پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس،پندرہ چارجرز،پانچ کلو گرام چرس اور پانچ بوتل شراب برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

(جاری ہے)

ادھر رمضان المبارک کے دوران امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے ضلعی پولیس نے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے ۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے دفتر سے جاری سیکیورٹی پلان کے مطابق شہر کو چار سیکٹر ز میں تقسیم کردیا گیا ہے اور شہر بھر میں واقع حساس تنصیبات اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ضلع بھر کے اہم شاہراہوں پر چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے اور پولیس کی موبائل اور پیادہ گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔شہر اور مضافات میں واقع مساجدپرپولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں جو تراویح کے اوقات میں مقامی لیزان کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ ملکر چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔شہر کے تمام بازاروں ،شاپنگ پلازوں ،سبزی وفروٹ منڈیوں اور رش والے دیگر عوامی مقامات پرمشکوک افراد کی کڑی نگرانی یقینی بنانے کیلئے پولیس کیساتھ ساتھ سفید کپڑوں میں ملبوس حساس ادارے کے اہلکاروں کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ خواتین کے خریداری کے مراکز میںتحفظ عامہ کی خاطر خواتین پولیس اہلکاروںکی خدمات حاصل کرلی گئی ہیںجبکہ بم وبارود کا پتہ لگانے اور لاوارث و مشکوک سامان کی چیکنگ کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں کو بازاروں سمیت تمام حساس اور رش والے عوامی مقامات پر چیکنگ کی غرض سے چوبیس گھنٹے مسلسل گشت کے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔