ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے تحت آئندہ انتخابات میں جائینگے‘ مریم اورنگزیب

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، (ن) لیگ پارٹی قائد کی قیادت میں بہتر حکمت عملی کیساتھ انتخابات میں حصہ لیگی ْوزیر اطلاعات و نشریات کی سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر غیر رسمی گفتگو

ہفتہ مئی 22:46

ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے تحت آئندہ انتخابات میں جائینگے‘ مریم اورنگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے تحت آئندہ انتخابات میں جائیں گے،،ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ عوام کے دل و دماغ میں گھر کر چکا ہے،قائد محمد نواز شریف کے وژن کے تحت ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات سے نجات دلائی،آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، (ن) لیگ پارٹی قائد کی قیادت میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قائمقام سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل، ڈی جی پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن رائو تحسین، پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم بیگ، وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران سمیت سینئر صحافیوں مجیب الرحمن شامی، سجاد میر، رحمت علی رازی،الطاف حسن قریشی،عارف نظامی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمدنوا زشریف نے مجھے وزارت اطلاعات کا جو منصب سونپا اسے امانت سمجھ کر تندہی اور خلوص نیت سے اپنے فرائض انجام دئیے۔تھوڑے وقت میں میڈیا نے بہت ساتھ دیا اور بیحد عزت دی جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ صحافت اور جمہوریت کا آپس میں گہرا رشتہ ہے،دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں ۔

آزادی صحافت کی بدولت جمہوریت تقویت پاتی ہے اور جمہوریت نہ ہو تو آزادی اظہار کو قدغنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں مکمل اتحاد ہے،(ن) لیگ نے اپنے منشور پر عمل پیرا ہو کرعوامی خدمت کی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے جو اقدامات اٹھائے گزشتہ 65سالوں میں ان کی مثال نہیں ملتی۔

محمد نواز شریف کے وژن کے تحت ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات سے نجات دلائی۔موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کیا، ملک کو اندھیروں سے نکالا۔زبوں حال معیشت بحال ہوئی۔ تمام شعبوں کو بہتری کی سمت گامزن کیا۔۔سی پیک ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔مسلم لیگ (ن) تعمیر وترقی کی علامت ہے اور قائدمحمد نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے عملی اقدامات اٹھائے ۔دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج ، پولیس ،،ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دیں،پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر عوامی خدمات کا ایک بار پھر موقع دیں گے اورترقی کا سفر اسی طرح گامزن رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے تحت آئندہ انتخابات میں جائیں گے۔۔ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ عوام کے دل و دماغ میں گھر کر چکا ہے۔۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ امید اور دعا ہے کہ ملکی صحافت جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا گرانقدر کردار ادا کرتی رہے گی۔