صوبے میں امن اور خوشحالی اولین ترجیح ہے، سی پیک کے منصوبے کو بلوچستان کیلئے فائدہ مند بنا کر یہاں اقتصادی اور معاشی خوشحالی لائینگے، میر جام کمال خان

ہفتہ 19 مئی 2018 22:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر سابق وفاقی وزیر میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں امن اور خوشحالی بی اے پی کی اولین ترجیح ہے ہم سی پیک کے منصوبے کو بلوچستان کے لئے فائدہ مند بنا کر یہاں اقتصادی اور معاشی خوشحالی لائینگے عوام کو نئی پارٹی میں آنے کی دعوت دیتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں سینیٹر نصیب اللہ بازئی ،میر اسماعیل لہڑی ،میر ظفر قمبرانی ،عبدالفتح جمالی ،میر خدابخش لانگو اور دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، میر جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے صوبے میں تنگ نظر اور مفاد پرستی پر مبنی سیاسی سسٹم سے بیزار ہو کر بی اے پی کو سینے سے لگایا ہے اور یہ کسی سیاسی انقلاب سے کم نہیں ہے ہم کہتے ہیں کہ یہی سے بلوچستان کی تقدیر بدلے گی اور خوشحالی آئیگی، میر جام کمال نے کہا کہ پہلا جنرل کونسل سیشن کا کامیاب ترین انعقاد خوش آئند ہے اور یہ بلوچستان کی سیاست میں ایک مثبت تبدیلی ہے اور آنے والے دنوں میں بی اے پی خوشحال اور پرامن بلوچستان کی نوید صوبے کے عوام کو دیگی،میرجام کمال نے کہا کہ ہماری جماعت خالص ورکروں کی جماعت ہوگی اور ہم ایک نئی روایت قائم کرینگے تاکہ ورکروں کو ان کا اصل مقام اور عزت مل سکے،بی اے پی میں اجارہ داری کا سوچ نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی ورکر کی حق تلفی ہوگی ہم ایک نئی روایت قائم کرینگے اور بلوچستان کے عوام جو برسوں سے سیاستدانوں کے رویوں اور سیاسی جماعتوں کے منفی کردار سے مایوس ہو چکے ہیں اب بلوچستان عوامی پارٹی کو اپنی امنگوں اور خواہشات کی ترجمان سمجھتے ہیں، میر جام کمال نے کہا کہ ہمارے لئے بلوچستان میں کئی چیلنجز موجود ہیں صوبے کی پسماندگی اور محرومی کا خاتمہ امن وامان کا قیام عوام کو روزگار کی فراہمی اور پاکستان مخالف سوچ کا خاتمہ اور قومی سوچ کی پروان ہمارے لئے سب سے اہم کام ہیں جو ہم نے ایک ولولے اور جوش کے ساتھ انجام دینے ہیں۔

متعلقہ عنوان :