آواران کے علاقے نڑانچ میں گیسٹرو سے متاثرہ مزید 3مریض دم توڑ گئے، متاثرہ افرادکی تعداد 150سے تجاوز کرگئی

ہفتہ 19 مئی 2018 22:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) آواران کے علاقے نڑانچ میں گیسٹرو سے متاثرہ مزید 3مریض دم توڑ گئے اور متاثرہ افرادکی تعداد 150سے تجاوز کرگئی، بلوچستان حکومت کی درخواست پر پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ افراد کو لسبیلہ منتقل کرنا شروع کردیا، 110متاثرہ افراد کی جام غلام قادر اسپتال منتقل ہونے کے بعد اسپتال میں جگہ کم پڑگئی تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے حلقہ انتخاب آواران میں گیسٹر و کی وباء سے مزید 3افراد جاں بحق ہوگئے اور متاثر ہونے والوں کی تعداد 150سے زائد ہوگئی ہے۔

۔ چار روز میں گیسٹرو کے وباء سے خواتین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔۔

(جاری ہے)

بلوچستان حکومت کی درخواست پر پاک فوج اور ایف سی نے گیسٹرو کے وباء سے متاثرہ افراد کو آواران کے علاقے نڑانچ سے نکالنے کے لئے فضائی آپریشن شروع کردیا جس کے تحت پاک فوج نے گیسٹرو کے وباء سے متاثرہونے والی21 مریضوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لسبیلہ کے علاقے حب منتقل کردیا مجموعی طور پر 110متاثرہ افراد کو جام غلام قادر اسپتال حب منتقل کیا گیا متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث جام غلام قادر اسپتال میں بیڈز کی تعداد کم پڑ گئی جس کے باعث ایک بیڈ پر دو سے زائد متاثرہ افراد کو طبی امداددی جارہی ہے ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق نڑانچ میں رہ جانے والے متاثرہ افراد کو صبح کی روشنی میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے حب منتقل کیا جائیگا اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث اسپتال میں ادویات کی قلت پیدا بھی ہوگئی ۔